2020 میں جہان فانی سے رخصت ہونے والی نامور مذہبی شخصیات

2020 میں مفتی نعیم، علامہ طالب جوہری، سید منورحسن اور علامہ خادم حسین رضوی سمیت کئی عالم دین داغ مفارقت دے گئے

جون کے مہینے میں پاکستان کے سب سے زیادہ عالم دین دار فانی سے کوچ کرگئے فوٹو: فائل

2020 کے دوران جہاں کئی اہم سیاسی ،سماجی شخصیات اس دنیا سے رخصت ہوئیں وہیں کئی جیدعلما کرام بھی جہاں فانی سے کوچ کرگئے۔

2020 کے آغاز پر ہی جے یو آئی کے سابق امیر اور شیخ الحدیث حضرت عبداللہ درخواستی کے بڑے صاحبزدے مولانا فدالرحمان درخواستی یکم جنوری کو اسلام آباد میں انتقال کرگئے تھے۔

14 اپریل کو معروف عالم دین، پشتواوراردوزبان کے قدآورخطیب اور مانسہرہ ہزارہ کی پہچان مولانا سید شاہ عبدالعزیز اس جہان فانی سے رخصت ہوئے۔ 5 مئی کو لاہورمیں معروف عالمِ دین مولانا نعیم عارف نوری حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ مولانا نعیم عارف نوری کی نماز جنازہ لیاقت چوک سبزہ زار لاہورمیں ادا کی گئی۔


جون کا مہینہ علما کرام کے لئے خاصابھاری ثابت ہوا، اس مہینے میں کئی قدآور مذہبی شخصیات دنیا سے رخصت ہوئیں۔ 20 جون کو ممتازعالم دین اورجامعہ بنوریہ کراچی کے سربراہ مفتی نعیم انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے دل کےعارضے میں مبتلا تھے۔ 22 جون کو ممتازعالم دین علامہ طالب حسین جوہری اس دنیا سے چل بسے، ان کا انتقال بھی کراچی میں ہوا، 23 جون کو پیرعزیزالرحمان ہزاروی اللہ کو پیارے ہوگئے۔ 26 جون جماعت اسلامی کے لئے ایک بڑاصدمہ لے کر آیا، جماعت کے سابق امیر سید منورحسن علالت کے باعث کراچی میں انتقال کرگئے۔ منور حسن 2009 میں جماعت کے امیر منتخب ہوئے اور وہ 2014 تک جماعت کے امیر رہے۔
13 ستمبرکو نامور خطیب علامہ ضمیر اختر نقوی چل بسے، وہ خطیب کے ساتھ ساتھ شاعر بھی تھے، مرحوم نے درجنوں کتابیں لکھیں جن میں شاعری اور مرثیہ نگاری بھی شامل ہیں۔ 10 اکتوبر کو کراچی میں مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کو شہید کردیا گیا.

17 اکتوبرکو تبلیغی مرکز کے بانی حاجی عبدالوہاب کے قریبی دوست اور شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمان پشاور میں انتقال کرگئے۔ 29 اکتوبرکو جامعہ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ اور وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے نائب صدرعلامہ قاضی نیاز حسین نقوی اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر قم المقدسہ میں انتقال کرگئے۔19 نومبرکو علامہ خادم حسین رضوی کا لاہورمیں انتقال ہوگیا۔ ان کی سیاسی جماعت تحریک لبیک نے 2018ء کے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی سے 2 نشستیں حاصل کیں، علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ میں لاکھوں لوگ شریک ہوئے۔

7 دسمبرکو جامعہ احسن العلوم کراچی کے بانی مہتمم مفتی زر ولی خان بھی انتقال کرگئے۔ وہ انڈس اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ اس کے علاوہ نامور خطیب اور واعظ مولانا سید عبدالعزیز شاہ ،دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری، علامہ ارشد حسن ثاقب، پیر طریقت حضرت مولانا عبدالھادی، مولانا عبید الرحمان ضیاء، دارالعلوم بنوری ٹاؤن کراچی کے فاضل مولانا ہارون عباس، حضرت ڈاکٹر عبدالمقیم، شیخ الحدیث مولانا عبدالرؤف، واجہ عزیز احمد بہلوی اور مولانا قاری تصور الحق مدنی سمیت دیگر علماء شامل ہیں۔
Load Next Story