کراچی میں فائرنگشیعہ رہنما مولانا مرزا یوسف کے گارڈ سمیت 8افراد ہلاک

ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر گارڈ قتل،شارع لیاقت پر فائرنگ سے پولیس افسرزخمی،گلبرگ میں پولیس موبائل پر فائرنگ

ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر گارڈ قتل،شارع لیاقت پر فائرنگ سے پولیس افسرزخمی،گلبرگ میں پولیس موبائل پر فائرنگ۔فوٹو:فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں معروف شیعہ رہنما مرزا یوسف حسین کے گارڈ سمیت 8افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

گلستان جوہر بلاک12 میں واقعے رہائشی عمارت کے باہر نہ معلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار نمبرABT-019 پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اقبال ولد عظیم اور مظہر ولد طاہر زخمی ہو گئے ، واردات کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ دوان سفر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے مقتول اقبال سیکیورٹی زون ٹو میں تعینات اور آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی صدر و مجسل وحدت المسلمین کی شوریٰ اعلیٰ کے مرکزی رکن مولانا مرزا یوسف حسین کی سیکیورٹی پر تعینات تھا جبکہ جاں بحق ہونے والا مظہر مولانا کا پرانا نجی گارڈ اور اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا ، پولیس کے مطابق واقعے کے وقت مولانا مرزا یوسف مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ قمبر شاہ سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ فرحان کلاسک اپارٹمنٹ آئے ہوئے تھے اور ان کے گھر میں موجود تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان وہاں آئے اور انکی کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ان کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار اقبال اور ان کا زاتی محافظ مظہر جاں بحق ہو گئے ۔

ایس پی شاہ فیصل علی آصف کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے واردات کی ، مولانا مرزا یوسف حسین ناظم آباد میں واقع امام بارگاہ نور ایمان کے ٹرسٹی بھی ہیں اوران کی رہائش بھی وہیں ہے۔ کچھ سال قبل ان کے بیٹے خادم حسین بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں ، پولیس کے مطابق ملزمان نے نائن ایم ایم اور 30بور کا اسلحہ استعمال کیا ، پاپوش تھانے کی حدود ناظم آباد میں واقع سپر اسٹور میں3 ملزمان لوٹ مار کی نیت سے داخل ہونے لگے تو وہاں قائم مورچے پر تعینات سپر اسٹور کے گارڈ نے فائرنگ کی جس کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے اسی دوران ایک ملزم نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی جس کے باعث سیکورٹی گارڈ 22سالہ محمد زین خان کو ایک گولی لگی اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، ایس پی محمد اختر کے مطابق گارڈ کی بروقت کارروائی سے ڈکیتی ناکام ہوگئی تاہم اس میں اسکی جان چلی گئی۔ مقتول نجی سیکورٹی کمپنی کا ملازم تھا اور پاپوش نگر کا رہائشی تھا۔پریڈی کے علاقے شارع لیاقت فریئر مارکیٹ کے قریب ہنڈا شو روم کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر 35 عبدالجبار پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں عبدالجبار اور منا بھائی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔


جہاں عبد الجبار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، ایس پی صدر سلمان سید نے ایکسپریس کو بتایا کہ واقعے کے وقت مقتولASIعبدالجبار ہنڈا شوروم کے باہر پکٹ ڈیوٹی پر کرسی لگا کر بیٹھا تھا کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور پولیس افسر پرنائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں عبد الجبار اور شو روم کا ایک ملازم منا بھائی نشانہ بنے، مقتول عبدالجبار آرٹلری میدان پولیس لائن کا رہائشی، 2بیٹیوں اور ایک بیٹے اسامہ کا باپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق اوکاڑہ سے تھا، ایس پی صدر نے اس بات کا اقرار کیا کہ ان کے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ، لوٹ مار، بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات کے واضح احکام ہیں کہ پولیس افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہنیں گے لیکن اس پر اب تک کوئی عمل شروع نہیں گیا۔ شارع نور جہاں کے علاقے پیر کالونی میں قائم اختر کلینک کے ڈاکٹر فرخ جیلانی اپنی کار نمبر H-5957پر نرسوں اور کلینک کے اسٹاف کو لے کر جارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی، کار میں فرنٹ سیٹ پر موجود16سالہ سمیع کے سینے پر گولی لگی جو اسپتال منتقل کرتے ہوئے دم توڑ گیا، ہیڈ محرر فہیم کے مطابق مقتول سمیع کی بہن زینب بی بی ڈاکٹر فرخ جیلانی کے کلینک پر نرس ہے جسے لینے کیلیے اس کا بھائی آتا تھا، آج ڈاکٹر نے کہا کہ میں چھوڑ دیتا ہو ں۔

جب ڈاکٹر ان کو کار میں گھر چھوڑنے جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار روکنے کا اشارہ کیا اور کار کے نہ روکے جانے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، پولیس کے مطابق سمیع جب اپنی بہن کو لینے آتا تھا تو کسی لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کرتا تھا پولیس کو شبہ ہے کہ جس لڑکی کو سمیع چھیڑتا تھا اس کے بھائیوں یا اس کے چاہنے والوں نے فائرنگ کرکے سمیع کو ہلاک کیا ہے، مقتول سمیع پاپوش نگر قبرستان کے قریب بنگش کالونی کا رہائشی تھا۔ ایئر پورٹ کے علاقے بھٹائی آباد میں اے ایس ایف کے داخلی دروازے کے قریب نامعلوم ملزمان نے چنگ چی رکشے پر فائرنگ کردی جس سے رکشا میں سوار30سالہ شازیہ نامی خاتون بحق ہوگئی ۔ منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس مزار کے قریب سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی گلا کٹی لاش ملی، پولیس کے مطابق لاش 4 دن پرانی ہے۔ گاڑی کھاتہ میں واقع ہمدرد دوا خانہ کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ منصور کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیاجو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، مقتول حقانی چوک برہانی اسپتال کے قریب کا رہائشی اور بوہرہ فرقے سے تعلق رکھتا تھا۔ پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے قریب سے 32 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ گلبرگ چورنگی میٹرو پولیٹن ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے سمن آباد تھانے کی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل رحیم لاشاری شدید زخمی ہوگیا۔ قائد آباد کے علاقے لانڈھی89میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی40 سالہ رانجو خان زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی میںمزاحمت کا نتیجہ ہے۔ ملیر سٹی کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35علاؤ الدین اور28ہارون زخمی ہوگئے، ڈی ایس پی راؤ اقبال کے مطابق زخمی ہونے والا علاؤ الدین تعویذ گنڈے کرتا ہے جسے ہارون اپنے ہمراہ لایا تھا، دونوں گھر سے باہر نکل کر جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے بابا موڑ مکہ ہوٹل کے قریب روٹW-1 کی منی بس میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پرڈاکوؤں کی فائرنگ سے22 سالہ ذیشان زخمی ہوگیا۔ اتحاد ٹاؤن کے علاقے شانتی نگر میں نامعلوم ملزمان ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد نیم مردہ حالت میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے جسے علاقے کے لوگ سول اسپتال لائے، زخمی نے اپنا نام 30 سالہ ہمایوں ولد الطاف کچھی بتایا جو بلدیہ ٹاؤن اتحاد ٹاؤن شانتی نگر کا رہائشی ہے۔چاکیواڑ ہ کے علاقے لیاری جھٹ پٹ مارکیٹ اور آدم ٹی اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے ، دستی بم پھٹنے سے2 افراد 35سالہ محمد حسین ولد حسن اور45 سالہ حسن شاہ ولد عیسیٰ بلوچ شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابقجس مقام پر دستی بم حملے کیے گئے ہیں وہاں عذیر بلوچ کے کارندے بیٹھتے تھے لہذا شبہ ہے حملے بابا لاڈلا گروپ نے کیے ہیں ، اس واقعہ کے بعد رانگی واڑ ہ اور عیدولین گلی نمبر2میں عذیر بلوچ کے کارندوں نے غفار ذکری کے ٹھکانے پر آوان گولوں سے حملہ کردیا ، حملے کے دوران عید ولین میں3 سالہ شاہ زیب ولد عبدالصمد اور23 سالہ نظام ولد حمید زخمی ہوئے۔
Load Next Story