علامہ طاہرالقادری نے لوگوں کو پیری مریدی کے جھوٹے سحر میں مبتلا کر رکھا ہے رانا ثناءاللہ
وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہرالقادری نے لوگوں کو پیری مریدی کے جھوٹے سحر میں مبتلا کر رکھا ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرح علامہ طاہر القادری بھی لاہور میں ایک ڈرامہ کرنے جا رہے ہیں، طاہرالقادری کی ریلی منہاج القرآن کے اساتذہ، طلبا اور ان کے اہل خانہ کا اجتماع ہے تاہم اس شو میں مہنگائی کی سونامی سے زیادہ لوگ شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ صاحب نے پیری مریدی کے چکر میں لوگوں کو پاگل بنایا ہوا ہے، اگر طاہرالقادری کو معاشرے کی اصلاح کرنی تھی تو انہوں نے انتخابات میں حصہ کیوں نہیں لیا، جمہوری دورمیں لوگوں کو زبردستی اجتماع میں لانا غلامی کی بدترین مثال ہے۔
کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج پر پیپلز پارٹی اور پولیس کی جانب سے تشدد کے حوالے سے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پرائیویٹ ملیشیا تو نہیں ہے، ان پر تشدد جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پنجاب حکومت عدالتی احکامات پر عمل کرے گی، بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹیں حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے دور کرنی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے آج لاہور میں مہنگائی اور کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔