آٹا چینی دال کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے وزیراعظم

وزیراعظم نے اشیاء خوردونوش کی نگرانی کیلئے آن لائن ایگری ڈیش بورڈ کی منظوری دے دی

وزیراعظم نے اشیاء خوردونوش کی نگرانی کیلئے آن لائن ایگری ڈیش بورڈ کی منظوری دے دی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آٹا، چینی، دال کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے۔

عمران خان کی زیر صدارت ترجیحاتی شعبوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا جس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور اعلی افسران نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کی طرف سے تیار کردہ آن لائن ایگری ڈیش بورڈ کی منظوری دی جو اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور دستیابی کی قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر نگرانی کرے گا۔

ڈیش بورڈ نہ صرف تصدیق شدہ اعشاریوں کی مدد سے کسی بھی بحران سے بچنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا بلکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکنے میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوگا۔


وزیراعظم نے اس موقع پر واضح ہدایات دیں کہ آٹا، چینی اور دالوں جیسی اشیاء جو کسی بھی غریب گھرانے کیلئے انتہائی اہم ہیں ان کی قیمتوں کے بڑھنے کو روکنے کیلئے کسی بھی قسم کے اقدامات اٹھانے سے گریز نہ کیا جائے، اسکے علاوہ برآمدات کو بڑھانے اور درآمدات کیلئے مقامی متبادل ڈھونڈنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کو مزید بڑھایا جائے اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ نہ ہو۔

وزیراعظم کی ہدایات پر ماضی میں نظر انداز ہونے والے 6 شعبوں میں بڑے پیمانے کی اصلاحات نافذ کرنے کیلئے انہیں ترجیحاتی شعبوں کا درجہ دیا گیا جس میں فوڈ سیکورٹی، زراعت، بجلی، افرادی قوت، بیرونی سرمایہ کاری، نجکاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدات پر خصوصی توجہ کیلئے اکنامک آؤٹ ریچ شامل ہیں۔

اب سے وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوگا جس میں وزیرِ اعظم خود ان شعبوں کے حوالے سے مسائل کے فوری حل کی نگرانی کریں گے. ان اجلاسوں میں ہر شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرکے وزیرِ اعظم کو پیش رفت پر علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی جائے گی۔

 
Load Next Story