حکومت کا نئے سال کا تحفہ پیٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق اوگرا کی سفارشات کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم سے کم اضافے کی منظوری دی گئی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے(فوٹو، فائل)

حکومت نے سالِ نو کے آغاز پر پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

خزانہ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 106 روپے ہو گی۔ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 80 پیسے تک اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے ہوگی۔

اسی طرح کیروسین کی قیمت میں 3 روپے 36 پیسے کے اضافے سے نئی قیمت 73 روپے 65 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 95 پیسے بڑھا کر 71 روپے 81 پیسے کردی گئی ہے۔ قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔

''عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں میں زیادہ اضافہ نہیں کیا''


پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے متعلق وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کا ریلیف مدنظر رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے اوگرا کی سفارشات کے برعکس پٹرولیم مصنوعات میں کم سے کم اضافے کی منظوری دی۔



بیان میں کہا گیا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی ۔ عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں محض 2.31 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا ہے۔

اسی طرح اوگرا کی جانب سے کیروسین (مٹی کاتیل) میں 10.92 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل میں 14.87 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔ اس کے برعکس کیروسین کی قیمت میں 3.36 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں محض 3.95 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
Load Next Story