ای او بی آئی کے پنشن یافتگان کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار

کورونا وباء کے پیش نظر ادارے نے بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نرمی اختیار کی ہوئی تھی

کورونا وباء کے پیش نظر ادارے نے بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نرمی اختیار کی ہوئی تھی (فوٹو: فائل)

ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے اپنے پنشن یافتگان کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ پنشن یافتگان کی بائیو میٹرک تصدیق کی مدت یکم فروری 2020ء تا 31 دسمبر 2020ء تھی لیکن کورونا وباء کے پیش نظر ادارے نے بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نرمی اختیار کی تھی اور اب ادارے نے اپنے رجسٹرڈ پینشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر بینک الفلاح کی کسی بھی قریبی شاخ سے اپنی بائیو میٹرک تصدیق کرالیں تاکہ ان کی پنشن کا سلسلہ بلارکاوٹ جاری رہ سکے بصورت دیگر ان کی پنشن معطل ہوجائے گی۔


واضح رہے کہ پینشن کے نظام میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے قواعد کے مطابق ہر 6 ماہ بعد پنشن یافتگان کی بائیو میٹرک تصدیق لازم ہے جس سے وفات پاجانے والے بعض پنشن یافتگان کے لواحقین کی جانب سے پنشن یافتہ کی وفات کے بعد بھی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے پنشن وصول کرنے کے منفی رحجان کی بھی حوصلہ شکنی کرنی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ای او بی آئی نے جنوری 2021ء میں تقریباً 4 لاکھ پنشن یافتگان میں ساڑھے 3ا رب روپے سے زائد مالیت کی رقم پنشن کی مد میں تقسیم کی جن میں 241,425 ضعیف العمر، 151,889 پسماندگان، 5,161 معذور پنشن یافتگان اور 475 یکمشت عطیہ ضعیف العمری کے حامل افراد شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ای او بی آئی میں ماہانہ اوسطاً 3 ہزار پنشن یافتگان کا اضافہ بھی ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت ای او بی آئی کی کم ازکم پنشن 8,500 روپے ماہانہ ہے۔
Load Next Story