کینسر سے نجات کے بعد یوراج کی آج کرکٹ میں واپسی

بھارت پہلے ٹوئنٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے مقابل، اسکواڈ میں ہربھجن سنگھ بھی شامل

بھارت پہلے ٹوئنٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے مقابل، اسکواڈ میں ہربھجن سنگھ بھی شامل۔ فوٹو: رائٹرز

PUNE:
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز ہفتے سے ہورہا ہے۔

کینسر کو شکست دینے والے یوراج سنگھ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہو گی، ناقص فارم سے نجات کے بعد ہربھجن سنگھ بھی اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں، ٹیسٹ میں چاروں شانے چت ہوجانے والی مہمان ٹیم کو مختصر فارمیٹ کے مقابلوں کیلیے تجربہ کار آل رائونڈرز ڈینیئل ویٹوری اور جیکب اورم کا ساتھ میسر ہوگا، ہفتے کو خراب موسم کی پیشگوئی کے باوجود 27 ہزار شائقین کی گنجائش والے آندھرا کرکٹ اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف ہفتے کو سیریز کے پہلے ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل میں بھارتی آل رائونڈر یوراج سنگھ ایک مرتبہ پھر بلوجرسی زیب تن کریںگے، وہ پھیپھڑوں کے کینسر کے کامیاب علاج کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں، یوراج نے کہاکہ میرے لیے یہ یقین کرنا بڑا مشکل ہے کہ دوبارہ بھارت کی نمائندگی کررہا ہوں، چند ماہ قبل میں انتہائی تکلیف کا شکاراور میرے لیے چار قدم چلنا بھی دوبھر تھا لیکن اب مجھ سے میدان میں جانے کا انتظار نہیں ہو رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹی20 منگل کو چنئی میں شیڈول ہے،دونوں سائیڈز فاتحانہ انداز میں ورلڈ کپ کھیلنے سری لنکا جانا چاہتی ہیں۔

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ یوراج اور ہربھجن سیریز کے دوران کامیابی کیلیے بھوکے ہوں گے،دونوں ایک سال بعد کم بیک کر رہے ہیں، ورلڈکپ سے قبل یہ سیریز انھیں ٹیم میں جگہ پکی کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ سیریز کا اچھا آغاز ضروری ہے،ہم میچ جیتنے کی ہرممکن کوشش کریں گے، دھونی نے کہا کہ یہی ٹیم ورلڈکپ میں بھی حصہ لے گی لہذا ہم کوئی تجربہ نہیں کرنا چاہتے، بہترین الیون میدان میں اتاریں گے۔
Load Next Story