پاکستان ٹیم ڈراپ کیچز کے ریکارڈ بنانے لگی

کیویز کیخلاف 7بار بولرزفیلڈرز کی غفلت کے سبب وکٹ سے محروم رہے

 19 نوبالز نے پاکستان جانے والے بولنگ کوچ کی افادیت پر سوال اٹھادیے۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ سے سیریز میں پاکستان ٹیم ڈراپ کیچز کے ریکارڈ بنانے لگی جب کہ ابھی تک 7بار بولرز کو فیلڈرز کی غفلت کے سبب وکٹ سے محروم رہنا پڑا ہے۔

نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے کیچز ڈراپ کرنے کے ساتھ رن آؤٹس چانسزبھی ضائع کیے، فیلڈ میں کئی اضافی رنز بھی دیے جس کی وجہ سے کیویز کو میچ پر گرفت مضبوط بنانے کا موقع ملتا رہا۔

گذشتہ روز بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آئی،مہمان ٹیم نے ابھی تک 7یقینی کیچز ڈراپ کیے ہیں، مشکل مواقع الگ ہیں، 2011کے بعد کسی 2ٹیسٹ میچز کی سیریز میں یہ سب سے بڑی تعداد ہے جس میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے، اس سال پاکستان نے نیوزی لینڈ سے میچز میں 12، ویسٹ انڈیز کے مقابل10اور بنگلہ دیش سے سیریز میں 9کیچ ڈراپ کردیے تھے۔


گرین کیپس نے اب تک سیریز میں 19نوبالز کی ہیں، ان میں سے 16نسیم شاہ نے کیں،اس خامی نے بولنگ کوچ وقار یونس کی افادیت پر سوالیہ نشان لگا دیا جو دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان چلے گئے تھے۔

دوسری جانب کین ولیمسن اور ہینری نکلس نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کیخلاف دوسری بڑی شراکت قائم کردی، دونوں نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز 215 رنز جوڑے اور ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل برینڈن میک کولم اور کین ولیمسن نے نومبر 2014 میں شارجہ میں 297رنز بنائے تھے،یہ چوتھی وکٹ کیلیے پاکستان کیخلاف سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی ہے،اسٹیفن فلیمنگ اور میکملن نے مارچ 2001 کے ہیملٹن ٹیسٹ میں 147رنز بنائے تھے۔
Load Next Story