بھارت کے اسپتال میں آتشزدگی سے 10 نومولود بچے ہلاک

ابتدائی تفتیش میں بچوں کی موت عمارت میں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی، ایس پی ضلع بھنڈارہ

 4 بچے جل کر ہلاک ہوئے جب کہ 7 بچوں کی کی موت آکسیجن کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے ہوئی، ڈاکٹر پرمود کھانڈیت۔ فوٹو:فائل

ریاست مہاراشٹر کے ضلع بھنڈارہ کے ایک اسپتال میں آتشزدگی کے باعث 10 نوزائیدہ بچے ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور کے قریب ضلع بھنڈارا میں واقع ایک اسپتال میں آتشزدگی کے باعث 10 نومولود بچے ہلاک ہوگئے۔

سول سرجن ڈاکٹر پرمود کھانڈیت کے مطابق آگ ہفتے کی صبح اسپتال کے (سک نیو بارن کیئر یونٹ) بیمار نوزائيدہ بچوں کے وارڈ میں لگی، اسپتال کے عملے نے صبح کے وقت جب یونٹ کا دروازہ کھولا تو اندر دھواں بھرا ہوا تھا، عملے نے فوراً پولیس، فائر بریگیڈ کو اطلاع دی، تاہم امدادی کارروائیوں سے قبل ہی 10 بچے دم توڑ چکے تھے۔


ڈاکٹر پرمود کھانڈیت نے بتایا کہ 4 بچے جل کر ہلاک ہوئے جب کہ 7 بچوں کی موت آکسیجن کی فراہمی منقطع ہونے کے باعث ہوئی، ان میں چند بچے اسی اسپتال میں پیدا ہوئے تھے جب کہ بعض کو دیگر اسپتالوں سے پیدائش میں پیچیدگی کے بعد یہاں داخل کرایا گیا تھا۔

ضلع بھنڈارہ کے ایس پی وسنت جادیو کا کہنا ہے کہ ریسکیو کی مدد سے پولیس نے 7 بچوں کو زندہ نکال لیا تھا، بظاہر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے، اور ابتدائی تفتیش میں بچوں کی موت عمارت میں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی، تاہم ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے مرنے والے بچوں کے لواحقین کے لیے 5، 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

 

 
Load Next Story