پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ یو بی ایل نے پی ٹی وی کوٹھکانے لگا دیا

میچ کا دوسرے ہی دن فیصلہ ہو گیا،ناکام سائیڈ سیکنڈ اننگز میں64 پر ڈھیر،ارشاد اور آصف کی5،5 وکٹیں

نیشنل بینک کیخلاف پورٹ قاسم کی پوزیشن مضبوط ہوگئی فوٹو:فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ میں یوبی ایل نے پی ٹی وی کو دوسرے ہی دن7 وکٹ سے ٹھکانے لگا دیا،35 رنز کے خسارے سے دوچار ناکام سائیڈ دوسری باری میں 64 پر ڈھیر ہوگئی۔

ارشاد اور آصف نے5،5 وکٹوں کا بٹوارا کیا، واپڈا کیخلاف پی آئی اے نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر 188رنزجوڑکر 110کی سبقت حاصل کرلی،نیشنل بینک کیخلاف پورٹ قاسم کی پوزیشن مضبوط ہوگئی، عمرامین نے نصف سنچری بنائی،زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف کے آر ایل کی ٹیم بدستور مشکلات کا شکار ہے، حبیب بینک نے عمران اور ہمایوں فرحت کی عمدہ بیٹنگ سے تقویت پاتے ہوئے450 کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا، سوئی ناردرن گیس نے جوابی اننگز میں 2 وکٹ پر133 رنز جوڑ لیے، توفیق عمر56رنز بناکر نمایاں رہے۔تفصیلات کے مطابق 35رنز کی برتری پانے والی یونائیٹڈ بینک کی ٹیم نے پی ٹی وی کو دوسری اننگزمیں 64 پر ڈھیر کر دیا، محمد ارشاد اور آصف رضا نے 5،5 وکٹیں لیں، عمران علی20، ذیشان مشتاق13 اور عثمان اشرف12رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے، فاتح ٹیم نے جیت کیلیے درکار 30رنز 8.2 اوورز میں 3 وکٹ پر بنا لیے۔

رضوان اکبر نے دوسری مرتبہ 2کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کرمجموعی وکٹوںکی تعداد 8 کی، قبل ازیں بینک نے دوسرے دن کا آغاز 91-4 سے کیا تاہم پوری ٹیم 94 رنز کے اضافے سے185پر میدان بدر ہوگئی، رضوان اکبر نے 67رنز کے عوض6 وکٹیں لیں، محمد علی نے چار پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ واپڈا کیخلاف پی آئی اے نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر 188رنزجوڑکر 110کی سبقت حاصل کرلی، شعیب خان 74 اورفیصل اقبال69 رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں،ذوالفقار بابر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔




اس سے قبل واپڈا کی ٹیم 238رنز بناکر78کی برتری لینے میں کامیاب ہوئی، محمد ایوب65، عامر سجاد46 اور سرفراز احمد32رنز بناکر نمایاں رہے، علی رضا، طاہرخان اور اخترکیانی نے 3،3 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے۔نیشنل بینک سے میچ میں عمر امین نے نصف سنچری بناکر پورٹ قاسم کی پوزیشن کو مضبوط کردیا، ٹیم نے دوسری باری میں 4 وکٹ پر 152رنز بناکر مجموعی سبقت 279 تک پہنچا دی، عمر 74کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، انھوں نے 108 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکے اور 2 چھکے جڑے، شاہ زیب حسن31کی اننگزکھیل کر نمایاں رہے۔

احمد جمال نے 2 وکٹیں لیں، نیشنل بینک کی ٹیم جوابی اننگز میں 112 پر ڈھیر ہوگئی، فواد عالم 26 اور کامران اکمل12رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، سہیل خان نے 49رنز دیکر6 کھلاڑیوں کو قابو کیا۔ زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف کے آر ایل بدستور مشکلات کا شکار ہے، 23 رنز کا خسارہ پانے والی ٹیم نے دوسری باری میں 70 پر 2 وکٹیں گنوا دیں، شعیب احمد 53 پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل 171 کے جواب میں زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم 194رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ذوالقرنین حیدر نے 72رنز بنانے کیلیے 233 گیندوں کا سامنا کیا، صدف حسین نے 5 اوریاسر علی نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔حبیب بینک نے عمران اور ہمایوں فرحت کی عمدہ بیٹنگ سے تقویت پاتے ہوئے450 کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا، سابق اوپنر عمران فرحت اور ان کے بھائی ہمایوں نے یکساں طور پر 85،85رنز اسکورکیے، آفتاب عالم 82 اور رمیزعزیز78رنز بناکر پویلین واپس ہوئے،سمیع اللہ اور یاسر شاہ نے 4،4 کھلاڑیوں کو اپنے جال میں پھانسا، سوئی ناردرن گیس نے جوابی اننگز میں 2 وکٹ پر133 رنز جوڑ لیے، توفیق عمر56 اور نعیم الدین44رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد اسلم نے2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story