ہاکی فیڈریشن کھوکھلی بنیادیں مضبوط بنانے پرکام کریگی

اسکول لیول پر5اور7اے سائیڈمیچزکے ذریعے قومی کھیل کومقبول بنایا جائے گا

اہم کھلاڑیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی سمیت انشورنس کرانے کی تجویز ۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کھوکھلی بنیادیں مضبوط بنانے کیلیے کام کرے گی، اسکول کی سطح پر 5اور 7اے سائیڈ مقابلوں کے ذریعے قومی کھیل کو مقبول بنایا جائے گا،سرفہرست کھلاڑیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی سمیت انشورنس کرانے کی تجویز بھی سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ویژن 2014-18 کے تحت لاہور میں منعقد کیا جانے والا 3روزہ سیمینار اختتام پذیر ہوگیا، ایونٹ ایف آئی ایچ کے گریڈ ون ہائی پرفارمنس کوچ طاہر زمان کی زیر نگرانی ہوا،اس میں کوچز خواجہ جنید، کرنل (ر) ندیم احمد بھٹی، سابق اولمپئن منظور الحسن، رشیدالحسن، محمد اخلاق، کامران اشرف، شاہد علی خان، محمد عرفان، محمد سرور، ندیم این ڈی، مدثر علی، عدنان اشرف، سلیم خالد اور ریحان بٹ سمیت انٹرنیشنل امپائرز بھی شامل ہوئے۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہاکی کو نئی زندگی دینے کیلیے گراس روٹ سطح پر فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلیے کاروباری طبقے اور سول سوسائٹی کی معاونت سے ملک بھر میں کلب، اسکول و کالج لیول کے پروگرام تشکیل دینا ہوں گے۔




کھلاڑیوںکو نچلی سطح پر ہی بہتر سہولیات اور ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنانا چاہیے، شرکاء نے سفارش کی کہ قومی کھیل کی کھوئی ہوئی مقبولیت واپس لانے کیلیے اسکولوں میں 5اور 7اے سائیڈ مقابلوں کا رواج ڈالا جائے،امپائرنگ اور تکنیکی عملے کے معیار میں بہتری اور اکیڈمیز کو جدید سہولیات سے مزین کرنے پر زور دیا گیا، شرکا نے ہاکی ویلفیئر آرگنائزیشن کے قیام اور کھلاڑیوں کو طبی سہولیات سمیت انشورنس کرانے کی تجویز بھی پیش کی۔ اختتام پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ ہم قومی کھیل کو دوبارہ عروج کی طرف گامزن کرنے کیلیے شارٹ اور لانگ ٹرم دونوں طرح کے منصوبوں پر کام کرنا چاہتے ہیں، کوچز، امپائرز اور ٹیکنکیل اسٹاف کی رجسڑیشن اور مربوط ڈیٹا تیار کرنے سے ان کی استعداد بہتر بنانے کیلیے مزید کام کرنے میں آسانی ہوگی،انھوں نے دیگر سابق اولمپئنز کو بھی دعوت دی کہ وہ ہاکی کے فروغ اور بہتری کیلیے تجاویز فیڈریشن کو پیش کریں۔
Load Next Story