سعودی عرب میں بغیر گاڑیوں والے آلودگی سے پاک تجارتی شہر کے قیام کا اعلان

بحراحمر سے متصل ساحلی علاقے میں تعمیر ہونے والے شہر میں 10 لاکھ افراد کو بسایا جائے گا، ولی عہد

شہر میں گاڑیاں نہیں چلیں گی اس طرح کاربن کی آلودگی نہیں ہو گی، فوٹو : سعودی عرب میڈیا

سعودی عرب نے صوبہ تبوک کے سرحدی علاقے میں ایک ایسے شہر کے قیام کا اعلان کیا ہے جس میں نہ تو کوئی گاڑی ہوگی اور نہ ہی گلیاں ہوں گی اور اس طرح یہ کاربن کی آلودگی سے مکمل طور پر پاک دنیا کا پہلا شہر ہوگا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے ٹیلی وژن خطاب میں 'دی لائن' کے نام منسوب شہر کے خدوخال پیش کیے۔ '' نیوم زون پروجیکٹ' کے تحت اسمارٹ سٹی کے تعمیراتی کام کا آغاز اگلے ماہ سے ہوجائے گا۔


ولی عہد محمد بن سلمان نے مزید بتایا کہ بحراحمر سے متصل ساحلی علاقے میں تعمیر ہونے والے شہر میں 10 لاکھ افراد کو بسایا جائے گا تاہم شہر میں کوئی گاڑی نہیں ہوگی اور نہ ہی گلیاں ہوں گی یعنی ہر گھر انفرادی ہوگا اور ایک دوسرے سے فاصلے پر ہوں گے۔

ولی عہد نے یہ بھی بتایا کہ اس شہر میں اسکول، صحت کے مراکز کے ساتھ ساتھ ہرے بھرے پارک بھی قائم کیے جائیں گے جن کی مدد سے روایتی شہر کے تصور کو مستقبل کے شہر میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
Load Next Story