لبنان میں کورونا بے قابو فوج نے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا

ملک بھر میں جمعرات صبح 6 بجے سے 25 جنوری تک کرفیو نافذ رہے گا، فوج

ملک بھر میں دس روزہ کرفیو اور سخت لاک ڈاؤن کے نفاذ کا بھی اعلان کیا گیا ہے، فوٹو : فائل

BIRMINGHAM:
لبنان میں کورونا وبا بے قابو ہونے پر فوج نے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا اور ملک بھر میں 10 روزہ کرفیو اور سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے فوج نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرکے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور 14 جنوری صبح 6 بجے سے 25 جنوری تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔


لبنان کی مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں ایمرجنسی کے نفاذ، لاک ڈاؤن اور کرفیو سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام اسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنا لازمی ہوگا اور جو ایسا نہیں کریں گے اُن کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں میں پروازوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی جائے گی جب کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو 7 دن ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کرنا ہوگا۔ عوامی مقامات بند، تقریبات اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہوں گی۔

لبنانی فوج کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کرفیو سے مستثنیٰ صرف وہ افراد اور ادارے ہوں گے جنہوں نے متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا ہوگا۔
Load Next Story