کراچی میں فائرنگانسپکٹربہاؤ الدین بابرسمیت 4 افرادجاں بحق

کراچی آپریشن،لیاری گینگ وارکیخلاف اہم کرداراداکیا تھا،الطاف حسین کی مذمت

بہاؤ الدین بابر کے قاتلوں کوچن چن کرپکڑیں گے اورانھیں کیفرکردار تک پہنچائیں گے،ایڈیشنل آئی جی کراچی۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
سائٹ ایریا میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے انسپکٹر بہاؤ الدین بابر جاں بحق ہوگیا، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں 3 افراد بھی ہلاک ہوگئے ۔


انسپکٹر بہاؤ الدین بابر نے کراچی آپریشن ، کالعدم تنظیموں اور لیاری میں گینگ وار کے خلاف اہم کردار ادا کیا تھا ، وہ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل میں تعینات تھے،مقتول کی نمازجنازہ بعد نماز مغرب گارڈن ہیڈ کوارٹرزمیں اداکی گئی جس میں آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ اور دیگر افسران واہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،آئی جی سندھ نے شہید افسر کے ورثا سے دلی تعزیت اورہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات نے کہا ہے کہ بہائو الدین بابر کے قاتلوں کوچن چن کرپکڑیں گے اورانھیں کیفرکردار تک پہنچائیں گے، وہ ہمارا دلیر افسر تھا، تفصیلات کے مطابق انسپکٹر بہائو الدین بابر اپنی کار میں فرنٹیئر کالونی میں اپنی رہائش گاہ سے دفتر جارہے تھے کہ باب خیبر کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پرفائرنگ کردی جس سے وہ موقع پرہی دم توڑگئے، عباسی شہید اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ بہائو الدین بابر کو 8 گولیاں ماری گئیں جو انھیں سینے ، پیٹ اور دائیں بازو پر لگیں ۔

انھیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات دیگر افسران اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے کہا کہ فوری طور پر کسی گروپ کے ملوث ہونے کے بارے میں نہیں کہہ سکتے ، دریں اثنا مقتول نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے ، علاوہ ازیں مقتول بہائو الدین بابر 1985 میں سندھ ریزرو پولیس میں بھرتی ہوا تھا،مقتول کو میٹروول کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بہاء الدین بابر کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔علاوہ ازیں سعید آباد کے علاقے سعد اللہ گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے ٹریفک پولیس کے اہلکار کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20 سالہ عدنان ہلاک جبکہ 60 سالہ غلام محمد، اس کی اہلیہ 60 سالہ سلیمہ بی بی ، بیٹا 20 سالہ عدنان ، بیٹا منور ، بیٹا 35 سالہ غضنفر اور بیٹی 26 سالہ لبنیٰ زخمی ہوگئیں۔ملیرسٹی کے علاقے گونگا گوٹھ میں فائرنگ سے 28 سالہ بخت عظیم ولد نذیر محمد، دائود گوٹھ میں 24 سالہ بابر ہلاک ہوگئے۔ چاکیواڑہ کے علاقے مرزا آدم خان روڈ گلستان کالونی گلی نمبر 5 سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے لیاری گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا ۔
Load Next Story