جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کوشکست کا ذائقہ چکھانے کے لیے پاکستانی کوچزنے سرجوڑلیے

جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کراچی جیمخانہ گراؤنڈ پر تیاریوں میں مصروف ہے

دونوں ٹیموں کی تیاریوں کی موقع پرسکیورٹی کے انتظامات کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے: فوٹو: ایکسپریس

14 سال بعد آنے والی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کو شکست کا ذائقہ چکھانے کے لیے پاکستانی کوچز نے سر جوڑ لیے۔


2007 میں کراچی ٹیسٹ میں ہونے والی ناکامی کا بدلہ لینے کے لیے مہمان ٹیم کو قابو کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں منگل سے نیشنل اسٹیڈیم پر شروع ہونے والے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاریاں جاری ہیں،پاکستان ٹیم نے دوسرے دن بھی نیشنل اسٹیڈیم پر پریکٹس سیشن میں جاری ہے،سابق ٹیسٹ کپتان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیر نگرانی دیگر تین سابق ٹیسٹ کپتانوں بولنگ کوچ وقار یونس، بیٹنگ کوچ یونس خان، پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ محمد یوسف اور اسپن بولنگ اسپیشلسٹ محمد ثقلین نے حریف سائیڈ کے خلاف بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا شروع کر دیا ہے۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کراچی جیمخانہ گراؤنڈ پر تیاریوں میں مصروف ہے۔

دریں اثنا دونوں ٹیموں کی تیاریوں کی موقع پرسکیورٹی کے انتظامات کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے،اطراف کی سڑکیں کنٹینر سے بند کرکے ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہیں، مسلسل تین دن سے سڑکوں کی بندش کی وجہ سے شہری سخت پریشانی اور اذیت کا شکار ہیں، اہلیان کراچی کو مزید اگلے سات دن اس رسوائی کا سامنا رہے گا۔
Load Next Story