ڈوپلیسی مسلسل بائیوببل میں قیام سے اکتا گئے

پلیئرز کیلیے عذاب ہے،سیریز میں پاکستان ٹیم خطرناک ثابت ہوگی،بیٹسمین

جنوبی افریقہ کی آمد سے دیگرسائیڈز کی پاکستان واپسی کا راستہ کھلے گا۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈوپلیسی مسلسل بائیوببل میں قیام سے اکتا گئے، انھوں نے اسے کھلاڑیوں کیلے عذاب قرار دے دیا۔

فاف ڈوپلیسی نے کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے کہاکہ مسلسل بائیو سیکور ببل میں رہنا سب کیلیے عذاب بن چکا، کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کو چیلنجز کا سامنا ہے، کھلاڑی بھی اس سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے، میزبان سائیڈ کے پاس اعلیٰ اسپنرز رہے اور اچھے بیٹسمین بھی موجود ہیں، بابر اعظم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں،انجری کے بعد ان کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوگی۔


ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ 14 سال قبل پاکستان آنے والی جنوبی افریقی ٹیم قدرے مختلف تھی، موجودہ سائیڈ میں زیادہ تر نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، بیشتر پہلی مرتبہ یہاں کھیلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ میزبان سائیڈ کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ رہے گا، کراچی کا موسم جنوبی افریقہ کے لیے بھی بہتر ہے، کنڈیشنز اسپنرز کے لیے بہتراور فاسٹ بولرز بھی کامیاب ہو سکتے ہیں، ریورس سوئنگ کیلیے پچزسازگار رہی ہیں، ایشیائی کنڈیشنز میں پاکستان مشکل حریف ثابت ہوتا ہے، میچز کے ابتدائی دن بیٹسمینوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

ڈوپلیسی نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے نئے پلیئرزکو شامل کیا ہے، کئی کو ڈیبیو کا موقع ملے گا۔ایک سوال پر ڈوپلیسی نے کہا کہ کوئنٹین ڈی کک اچھے انداز میں قیادت کرینگے، انھیں تجربہ کار ٹیم مینجمنٹ کا ساتھ حاصل ہے، میں پاکستان کیخلاف زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کروں گا، میں اپنی کرکٹ سے پوری طرح لطف اندوز ہو رہا ہوں۔
Load Next Story