ایشین گیمزقومی ہاکی ٹیم کی شرکت کا امکان معدوم

حکام کی باہمی چپقلش کے سبب ایونٹ میں حصہ لینے کی تصدیق نہیں ہوسکی

حکام نے اس حوالے سے رہنمائی کیلیے وفاقی وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ سے بھی تحریری طور پر رابطہ کیا تھا۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت کا امکان معدوم ہوگیا ، اعزاز کا دفاع کرنے والی سائیڈ کے حصہ لینے کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی، منتظمین نے پی ایچ ایف کو پابند کیا تھا کہ وہ آئی او سی کی تسلیم کردہ پی او اے کے توسط سے گیمزمیں شرکت کی درخواست کرے۔

اس ضمن میں31 دسمبر2013آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، فیڈریشن کا موقف تھا کہ وہ پی ایس بی سے الحاق ہونے کے ناطے ایسا کرنے سے قاصر ہے، حکام نے اس حوالے سے رہنمائی کیلیے وفاقی وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ سے بھی تحریری طور پر رابطہ کیا تھا، پی او اے کے صدر جنرل(ر) سید عارف حسن کا کہنا تھا کہ اگرفیڈریشن نے بروقت قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے نام بجھوائے تو انھیں تصدیق کے بعد گیمز کی مینجمنٹ کو بھیج دیا جائے گا۔




اس سلسلے میں پی ایچ ایف کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی جس کے نتیجے میں خدشہ ہے کہ دفاعی چیمپئن پاکستان ایشین گیمز کے ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہوسکے گا، پی او اے کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پی ایچ ایف اپنی ضد چھوڑکرباضابطہ درخواست دے تو وسیع تر قومی مفاد میں ایشین گیمز کی انتظامیہ سے خصوصی طور پر رجوع کرکے ٹورنامنٹ میں شرکت کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
Load Next Story