پی آئی اے کا فضائی میزبان کینیڈا میں پُر اسرار طور پر لاپتا

پاکستان ایئر لائن نے کینیڈین امیگریشن اتھارٹی کو بھی فضائی میزبان کی گم شدگی سے متعلق آگاہ کر دیا

جہاز کے عملے میں شامل فضائی میزبان رمضان گل اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 798 سے ٹورنٹو پہنچا تھا۔(فوٹو ، اسٹاف)

پی آئی اے کا فضائی میزبان رمضان گل کینیڈا میں پُراسرار طور پر لاپتا ہوگیا ہے جس کا قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے نوٹس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق جہاز کے عملے میں شامل فضائی میزبان رمضان گل اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 798 سے ٹورنٹو پہنچا تھا جس کے بعد پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔


کینیڈا کے اسٹیشن مینیجر نے ایئر پورٹ اتھارٹی کو میزبان کے لاپتا ہونے کی اطلاع دے دی جبکہ پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبان کی کینیڈا میں گم شدگی کا نوٹس لے لیا اور کینیڈین امیگریشن اتھارٹی کو بھی فضائی میزبان کی گم شدگی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان کے بیرون ملک لاپتا ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے،اس سے قبل بھی بین الاقوامی پروازوں پر فضائی میزبانوں کے غائب ہونے کے واقعات پیش آچکے ہیں جس کے حوالے سے بعدازاں ہونے والی تحقیقات میں ان کے خلاف نہ صرف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی بلکہ کئی میزبانوں کو ملازمت سے فارغ بھی کیا جاچکا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی میزبان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ فضائی میزبان جنرل ڈکلئیریشن پر کینیڈا جاتے ہیں اور واپسی پر ایک بندے کی کمی پر کینیڈین امیگریشن کو اطلاع کرنا لازمی ہوتا ہے۔
Load Next Story