واٹمور نے ’’زبان ‘‘ کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا

مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ کی خدمت کا موقع ملا تو حاضر ہوں گا،کوچ

واٹمور پاکستانی ٹیم کی کوچنگ ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد کچھ وقت اب اپنی فیملی کو دینا چاہتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کوچ ڈیو واٹمورنے کوچنگ کے دوران ''زبان '' کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیدیا، ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ کی خدمت کا موقع ملا تو حاضر ہوں گا۔

موجودہ عرصے میں زبان بہت بڑا مسئلہ رہی، معاہدے کی تکمیل پر کچھ وقت اب اپنی فیملی کو دوں گا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ ڈیو واٹمور کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے بطور ہیڈ کوچ معاہدہ فروری میں ختم ہورہا ہے، مگر وہ مستقبل ایک بار پھر پاکستانی سیٹ اپ کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں، انھوں نے کہاکہ میرا پاکستان ٹیم کے ساتھ وقت کافی اچھا گزرا، جن پلیئرز کے ساتھ آپ نے 2 برس گزارے ہوں انھیں الوداع کہتے ہوئے انسان تھوڑا جذباتی تو ہوجاتا ہے مگر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بہت خوش اور خوشگوار انداز میں رخصت ہورہا ہوں۔




انھوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں مجھے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کسی اور حیثیت میں کام کرنے کا موقع میسر آیا تو ضرور اسے حاصل کرونگا۔ واٹمور پاکستانی ٹیم کی کوچنگ ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد کچھ وقت اب اپنی فیملی کو دینا چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 برس میں نے اپنی فیملی کے ساتھ بہت کم وقت گزارا اور اب انھیں میری توجہ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 2013 پاکستان کیلیے ایک مشکل سال تھا مگر جنوبی افریقہ کو اس کے ملک میں شکست دیکر اس نے مضبوط کم بیک کیا۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ کام میں زبان کو بہت بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے ڈیو واٹمور نے کہا کہ جب ایک دوسرے سے بات چیت کرنا ہو تو اس وقت زبان سے مسئلہ ہوتا تھا۔ یاد رہے کہ کئی سابق پاکستانی پلیئرز غیرملکی کوچ کی زبان کے مسئلہ پر ہی مخالفت کرتے ہیں۔
Load Next Story