ربیع الاول میں شہرکولوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے

عوام کو اپنے حقوق کے حصول کیلیے آواز بلند کرنا ہوگی، ثروت اعجاز قادری

انتظامیہ جب عاشورہ میں دہشت گردی سے تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تو ربیع الاول میں بھی تحفظ فراہم کرنا ان کی ذمے داری ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عاشورہ کی طرح ربیع الاول میں بھی شہر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

انتظامیہ جب عاشورہ میں دہشت گردی سے تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تو ربیع الاول میں بھی تحفظ فراہم کرنا ان کی ذمے داری ہے، سنی تحریک کا جو پودا قائد و بانی شہید محمد سلیم قادری نے لگایا تھا آج وہ قد آور درخت بن چکا ہے اور اپنے شہدا قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین کی سربلندی ، ملکی سلامتی اورعوام کی فلاح و بہبود وسماجی خدمات میں دن رات کوشاں ہے،قائد سنی تحریک کی فکر وسوچ پر عمل کرکے ہی ملک کی اکثریت اپنا لوہا منوا سکتی ہے،بانی وقائد شہید سلیم قادری کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا آج سنی تحریک جو تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے وہ قائدین کی قربانیوں کا ثمر ہے، عوام کو اپنے حقوق کے حصول کیلیے آواز بلند کرنا ہوگی جو کہ ان کاآئینی ، قانونی و جمہوری حق ہے۔




ان خیالات کا اظہار سربراہ پاکستان سنی تحریک نے مرکز اہلسنت پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ثروت اعجازقادری نے کہا کہ شہید سلیم قادری اہلسنت کو ایک لڑی میں پرونا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں ان کی کاوشیں قابل فخر ہے اور آج بھی انہی کے فلسفے اور مشن پرگامزن رہتے ہوئے مظلوم عوام کے حقوق کے حصول اور درودوسلام والوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں جس میں خاطر خواہ کامیابی ہوئی ہے، ملک بنانے والوں کی اولادوں اور اکابرین کیخلاف ہونیوالی ظلم و ذیادتی کا حکومت فوری نوٹس لے اور نصاب تعلیم میں حقیقی بانیان پاکستان کے کرداروں کو روشناس کرایا جائے ، سنی تحریک اپنے شہدا قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسلام کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی، عوام کی فلاح وبہبود کیلیے جدوجہد جاری رکھے گی ،شہدا قائدین وکارکنان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے 5 جنوری کو نشتر پارک میں '' پاکستان بچاؤ جانثاران مصطفی ﷺ کانفرنس'' منعقد کی جائے گی۔
Load Next Story