سانحہ ماڑی پور کے تمام ملزمان گرفتار کیے جائیںسول سوسائٹی

2 خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور 4 افراد کے قتل کا واقعہ انتہائی دل خراش ہے

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے،فوٹو:ایکسپریس

اہل کراچی اور سول سوسائٹی نے لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں کی جانب سے ماڑی پور کے رہائشی خاندان کی2 خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور 4 افراد کے قتل کے واقعے کے خلاف پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے میں متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ ،علی رضا عابدی،محمد علی راشد ، ثمن جعفری، ارکان سندھ اسمبلی سمیتا سید ، ارم فاروقی،کامران اختر ، محمد دلاور سمیت متاثرہ خاندان کی خواتین ،بچوں اورسول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے،مظاہرین نے لیاری گینگ وار کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرے سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ گزشتہ چند روز قبل گینگ وار کے دہشت گردوں نے معصوم خاندان کے گھر میں داخل ہوکر ماں سمیت اس کی3 ماہ کی حاملہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں ماں، بچوں اور باپ کو قتل کردیا،انھوں نے کہا کہ اس خاندان کا کیا قصور ہے، یہ انتہائی غریب خاندان ہے ۔




ان کو صرف مہاجر ہونے اور الطاف حسین کا ہمدرد ہونے کی سزا دی گئی ہے،کراچی میں آپریشن کرکے مہاجروں کونشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ لیاری گینگ وار کے دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں، اس واقعے میں ملوث لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، انھوں نے کہا کہ پولیس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے قاصر ہے، واقعے میں ملوث3 دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں ،انصاف کی بھیک مانگنے والا یہ خاندان ارباب اختیار سے اپنے پیاروں کے خون کا حساب چاہتا ہے، سپریم کورٹ متاثرہ خاندان کو بھی انصاف دلائے، مظاہرے سے خطاب میں متاثرہ خاندان کی خاتون نے کہا کہ اس واقعے میں ان کی بہن اور بھانجی کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے ہمیں مہاجر ہونے کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہے لیکن ہم اس واقعے کے باوجود ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔
Load Next Story