مقامی حکومتیں وقت سے پہلے ختم کرنے پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں وقت سے پہلے مقامی حکومتوں کی تحلیل غیرقانونی قرار دی، حکم نامہ

چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں وقت سے پہلے مقامی حکومتوں کی تحلیل غیرقانونی قرار دی، حکم نامہ

سپریم کورٹ نے پنجاب میں مقامی حکومتیں وقت سے پہلے ختم کرنے پر پنجاب حکومت سے 4 فروری تک تحریری جواب مانگ لیا۔

سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کیس کی 28 جنوری کی سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پنجاب میں مقامی حکومتیں وقت سے پہلے تحلیل کی گئیں جسے چیف الیکشن کمشنر نے غیرقانونی قرار دیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن اور خیبرپختونخوا حکومت پیشرفت رپورٹ جمع کرائیں۔


یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن آئین سے نہیں کہیں اور سے ہدایات لے رہا ہے، جسٹس فائز

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ 8 نومبر کے حکمنامہ میں قرار دیا تھا لوگوں کو جمہوریت سے محروم رکھنے کا عمل ختم ہونا چاہیے، جبکہ گزشتہ حکمنامہ میں قرار دیا تھا الیکشن کمشنر، وزیراعلی کے پی اور کابینہ آئین پر عمل نہیں کر رہے، حالانکہ ہر آئینی عہدیدار قانون اور آئین پر عملدرآمد کا حلف اٹھاتا ہے۔

عدالت نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر سندھ، بلوچستان اور پنجاب حکومتوں کو نوٹس جاری کئے جبکہ خیبرپختونخوا اور وفاق کو پہلے ہی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں، کیس کی مزید سماعت جمعرات 4 فروری کو ہوگی۔
Load Next Story