کراچی میں آخری دہشتگرد تک آپریشن جاری رہیگا شرجیل میمن

ہماری فورسز کے عزم جواں ہیں،کسی کو کراچی میں چھپنے کی جگہ نہیں دی جائے گی،وزیر اطلاعات سندھ

دہشتگردوں نے بزدلانہ اور شرمناک کارروائی کی ہے،دہشتگرد فورسز کو نشانہ بنا کر ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کو کسی حال میں نہیں بخشا جائے گا۔

ہماری فورسز کے عزم جواں ہیں اور وہ دہشتگردوں کے خلاف برسر پیکار ہیں، کراچی میں آخری دہشتگرد کی موجودگی تک آپریشن جاری رکھا جائے گا اور کسی کو کراچی میں چھپنے کی جگہ نہیں دی جائے گی، ڈی ایس پی بہائوالدین بابر ایک نڈر، بیباک اور بہادر پولیس آفیسر تھے اور ان کی بہادری کو کبھی نہیں بھولا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرشہید بہائوالدین بابر کے 2 بیٹوں کو پولیس میں اے ایس آئی کی پوسٹ، ان کے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے اور سرکاری پلاٹ دیا جائے گا، شہید ڈی ایس پی کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکے ہیں اور جلد انھیں کیفر کردار تک پہنچادیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کومیٹروول سائٹ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی بہائوالدین بابر کے فاتحہ سوئم میں شرکت اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔




اس موقع پر آئی جی سندھ محمد شاہد، ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات اور پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، صوبائی وزیرنے شہید بہائوالدین بابر کے صاحبزادوں اور ان کے رشتے داروں سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دہشتگردوں نے بزدلانہ اور شرمناک کارروائی کی ہے،دہشتگرد فورسز کو نشانہ بنا کر ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتی، وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی شہید بہائوالدین بابر کے واقعے کا فوری نوٹس لیا ہے،ہم اپنی فورسز کے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔اس موقع پر آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ پولیس اور فورسز پر حملے آپریشن میں جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورک کو توڑنے کا ردعمل ہے ،پولیس کو بلٹ پروف جیکٹس، بکتر بند گاڑیاں اور جدید اسلحہ کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کراچی کے تمام اضلاع میں پولیس کی رہائشی کالونیاں بھی بنائی جائیں گی تاکہ ان کو اپنی ڈیوٹیوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور جرائم پیشہ افراد سے انھیں بچایاجاسکے۔
Load Next Story