افغان فوجی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 16 اہلکار ہلاک

حملہ آور جاتے ہوئے دو اہلکاروں اور افغان فوج کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے

طالبان جنگجو جاتے ہوئے دو اہلکاروں اور سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے، فوٹو : فائل

افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 16 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ حملہ آروں نے دو اہلکاروں کو یرغمال بنالیا اور جاتے ہوئے سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندوز میں موٹر سائیکل سوار طالبان جنگجوؤں نے ایک چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا، طالبان کے حملے میں 16 سیکیوٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملے کے بعد طالبان جنگجو دو فوجی اہلکاروں کو اغوا اور افغان فوج کا اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے۔

افغان فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ جس فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا وہ افغان خفیہ ایجنسی کے ماتحت ایک مقامی فورس تھی۔ حملہ آوروں کی تلاش میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ علاقے میں مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔


افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قندوز کے مقامی طالبان کمانڈر نے فوجی چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ طالبان امن معاہدے کی مسلسل خلاف وری کر رہے ہیں۔

دوسری جانب تاحال طالبان کی جانب سے حملے سے متعلق کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم قندوز کے کئی علاقوں میں عملاً طالبان کی حکومت قائم ہے جب کہ اس صوبے میں سیکیورٹی اہلکاروں اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز بھی صوبے فریاب کی ایک چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 5 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جب کہ دو اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
Load Next Story