بھارت میں 49 کیسز کو حل کرنے میں مدد کرنے والے کتے کا مجسمہ تیار

پولیس کے ڈاک اسکواڈ میں خدمات انجام دینے والے اس کتے کی حال ہی میں طبعی موت واقع ہوگئی تھی

جرمن شیفرڈ کتا تربیت کے بعد 2014 میں پولیس ڈاگ اسکواڈ میں شامل ہوا تھا، فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارت میں ایک ایسے ذہین اور باصلاحیت کتے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مجسمہ تیار کیا گیا ہے جس نے 49 مقدمات کو حل کرنے اور ملزمان کو پکڑنے میں مدد کی تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں پولیس کے ڈاک اسکواڈ میں شامل جرمن شیفرڈ کتے کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے، یہ مجسمہ کتے کو اس کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

کتے کی حال ہی میں طبی پیچیدگیوں کے باعث موت واقع ہوگئی تھی۔ اس تربیت یافتہ کتے کو اے ایس پی کا اعزازی عہدہ بھی دیا گیا تھا۔


مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب پولیس لائن میں منعقد کی گئی جس میں اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔ سینئر پولیس افسر ابھیشیک یادو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 2014 میں مظفر نگر پولیس میں شامل ہونے والے اس تربیت یافتہ کتے نے 49 کیسز کو حل کیا تھا۔

پولیس افسران نے تقریب اور کتے کے مجسمے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو صارفین نے جرمن شیفرڈ کتے کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کے اس اقدام کو سراہا۔

 
Load Next Story