وزیراعظم کا غریب طبقات پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے کا حکم

درآمد شدہ کھانے پینے کی مختلف اشیا پر عائد ٹیکسز میں بھی کمی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں، عمران خان

درآمد شدہ کھانے پینے کی مختلف اشیا پر عائد ٹیکسز میں بھی کمی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں، عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب طبقات پر بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جبکہ احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر،معاونین خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، ندیم بابر، تابش گوہر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کا مفاد ہے، مشکل معاشی حالات کی وجہ سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے لہذا ان کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ سب سے زیادہ غریب طبقات پر پڑتا ہے لہذا بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ درآمد شدہ کھانے پینے کی مختلف اشیا پر عائد ٹیکسز میں بھی کمی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں تاکہ عوام بالخصوص غریب اور مڈل کلاس کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Load Next Story