کراچی فائرنگ کے واقعات میں پیپلز پارٹی کے 2کارکنان سمیت 7افراد ہلاک

پیپلزپارٹی کے کارکنان سرجانی اوراورنگی ٹائون میں نشانہ بنے،کریم آباد میں فش شاپ پرفائرنگ،3 لاشیں ملیں

پیپلزپارٹی کے کارکنان سرجانی اوراورنگی ٹائون میں نشانہ بنے،کریم آباد میں فش شاپ پرفائرنگ،3 لاشیں ملیں۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پیپلزپارٹی ضلع غربی کے2 کارکنان سمیت7 افراد ہلاک اور8 زخمی ہو گئے۔

پیپلز پارٹی کے کارکن کی ہلاکت کے بعد اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افرادکی شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے یوسف گوٹھ میں ریتی بجری کے تھلے پر نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے29 سالہ محمد عمر وہاب اور اس کا کزن30سالہ عامر زخمی ہوگئے،زخمی عامر کو عباسی اسپتال جبکہ عمر وہاب کوسول اسپتال پہنچایاگیا جہاں وہ ہلاک ہو گئے۔


ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن شبیر اعوان کے مطابق مقتول پیپلز پارٹیPS-97 یوسی 7 کا کارکن تھا، اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر7/F شاہ فیصل محلہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے40 سالہ طارق بلوچ ہلاک جبکہ اس کادوست34 سالہ شکیل بلوچ زخمی ہو گیا ہلاک و زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا ، پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے پیپلز پارٹی PS0-97 یوسی13کا کارکن اور2بچوں کا باپ تھا،طارق بلوچ کی ہلاکت کی خبر ملتے ہی اورنگی ٹاؤن بلوچ گوٹھ سمیت متعدد علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں اور دیگر کاروبار بندکرا دیا،کھارادر کے علاقے لی مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ فرخ ولد سلیم زخمی ہو گیا۔

عزیز آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک3 کریم آباد وی آئی پی فش شاپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبد الرحمٰن ہلاک ہو گیا،نارتھ ناظم آباد بلاکL مکان نمبر135کا رہائشی25سالہ ندیم احمد اپنے گھر میں پر اسرار گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا،مچھر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے20 سالہ امیر اﷲ زخمی ہو گیا،پاک کالونی کے علاقے کے بی سی اسکول والی گلی کے قریب سے گزرنے والے لیاری ندی میں لاشیں پڑی دیکھ کر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا،موچکو کے علاقے اتحاد ٹاؤن خیبر چوک X-10 منی بس آخری اسٹاپ کے قریب سے 30 سالہ انور خان ولد شعیب افغانی کی لاش ملی۔

ایس ایچ او موچکو امتیاز جت کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب انور خان کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لائے تھے اور وہیں پر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ،ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ الطاف،سپرہائی وے ٹول پلازہ کے قریب فائرنگ سے45سالہ اقبال،عثمان آباد چوک کے قریب فائرنگ سے30سالہ منوراﷲ جبکہ مومن آباد کے علاقے فقیرکالونی نورانی محلہ میں رہائش پذیر10سالہ کاشف نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ہاتھ میں لگنے سے زخمی ہوگیا۔

Recommended Stories

Load Next Story