میرے پاس تم ہو میں خواتین کی تضحیک کیخلاف درخواست نمٹادی گئی

ہم بھی چاہتے ہیں ڈرامے اخلاقیات کے دائرے میں بنیں اس کیلئے پیمرا موجود ہے، عدالت

درخواستگزار پیمرا سے مطمئن نہ ہوں تو عدالت سے دوبارہ رجوع کرسکتے ہیں، عدالت۔ فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے ڈرامہ "میرے پاس تم ہو" میں خواتین کی تضحیک کیخلاف درخواست نمٹادی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے درخواستگزار پیمرا سے مطمئن نہ ہوں تو دوبارہ رجوع کرسکتے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس محمد علی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ڈرامہ "میرے پاس تم ہو" میں خواتین کی تضحیک کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ نجی ٹی وی کے وکیل نے مؤقف دیا کہ ڈرامہ ختم ہوئے سال ہوگیا درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے۔


درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ عدالت پیمرا کیلئے گائیڈ لائن جاری کرے تاکہ آئندہ غیر اخلاقی ڈرامے نہ بنیں۔ پیمرا کے وکیل نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ کونسل آف کمپلینٹ موجود ہے وہاں رجوع کیا جاسکتا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کہا گیا وکیل جب چاہے کسی کے چیتھڑے اڑا سکتا ہے۔ کہا گیا 3 سو روپے میں بندا مروایا جاسکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے اب تو حالات ٹھیک ہیں اس طرح کی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہورہی۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے ہم بھی چاہتے ہیں ڈرامے اخلاقیات کے دائرے میں بنیں اس کیلئے پیمرا موجود ہے۔ عدالت نے درخواست نمٹانے ہوئے ریمارکس دیئے درخواستگزار پیمرا سے مطمئن نہ ہوں تو عدالت سے دوبارہ رجوع کرسکتے ہیں۔
Load Next Story