پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو شکست دیدی
لاہور میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز جینمن ملن اور ریزا ہینڈرکس نے کیا، دونوں اوپنرز نے 53 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 44 کے انفرادی اسکور پر جینمن ملن عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد عثمان قادر نے جیکوس سینائمن کو بھی پویلین بھیج دیا۔
اوپنر ریزا ہینڈرکس نے قومی ٹیم کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 54 رنز بنائے تاہم انہیں محمد رضوان نے رن آؤٹ کردیا جس کے بعد جنوبی افریقا کا کوئی بھی کھلاڑی قومی ٹیم کی بولنگ کے آگے کھڑا نہ ہوسکا اور مقررہ 20 اوورز میں مہمان ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا تاہم صرف ایک رن پر بابراعظم رن آؤٹ ہوگئے۔
کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 64 گیندوں پر سنچری مکمل کی، محمد رضوان نے سات چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
دوسری جانب محمد رضوان پاکستان کی طرف سے ٹی 20 میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے اور تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے۔