سعودیہ میں کرپشن کے الزامات پر 48 اعلیٰ حکومتی شخصیات کے خلاف کارروائی

سرکاری شخصیات کا تعلق دفاع، تعلیم، ڈرگ اتھارٹی، داخلہ ، انصاف اور دیگر محکموں اور وزارتوں سے ہے

17 دیگر مقامی و غیر ملکی شہریوں کو بھی بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے(فوٹو، فائل)

سعودی عرب میں مزید 48 اعلیٰ سرکاری حکام کے خلاف کرپشن سمیت دیگر الزامات میں کارروائی کی گئی ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق مملکت کے محکمہ انسداد بدعنوانی النزاہہ کا کہنا ہے کہ جن 48 حکام کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان کا تعلق دفاع، داخلہ، انصاف، بلدیات، دیہی امور، ہاؤسنگ، تعلیم، ماحولیات، آب پاشی اور دیگر وزارتوں اور محکموں سے ہے۔


ان میں سے بعض حکام کا تعلق پریزیڈینسی برائے ریاستی سلامتی، سعودی فوڈ، ڈرگ اتھارٹی اور جنرل اتھارٹی آف میٹرلوجی اور ماحولیاتی تحفظ سے بھی بتایا گیا ہے۔

ان حکام پر رشوت ستانی ، اختیارات کا غلط استعمال اور جعل سازی کے الزامات ہیں۔ اس کے علاوہ 17 دیگر مقامی و غیر ملکی شہریوں کو بھی بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں کرپشن میں ملاوث میں 411 افراد سے تفتیش سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔ قانونی کارروائی کے بعد ان کے مقدمات عدالتوں کو بھجوائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں بدعنوانی اور ذاتی مفاد کے لیے مفاد عامہ کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے جس میں درجنوں سرکاری حکام اور شہریوں کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے۔
Load Next Story