کوٹ غلام محمد ٹماٹر کی بے قدری سے کسان دیوالیہ

ہزاروں ایکڑ رقبے پرٹماٹر کی فصل تیار ہو گئی، کوڑیوں کے بھاؤ فروخت ہونے لگے

فصل کی کاشت پر آئی لاگت بھی پوری نہ ہو سکی، آئندہ ٹماٹر کاشت نہ کرنے کا عندیہ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
آبادگاروں کی امیدیں دم توڑ گئیں، ہزاروں ایکڑ پرٹماٹر کی فصل تیار جب کہ کاشت کاروں کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے۔

گزشتہ سال طوفانی بارشوں سے کپاس اور مرچ کی فصل مکمل طور پر تباہ ہونے کے باوجود کسانوں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑااور ٹماٹرکاشت کر کے کپاس اور مرچ کا نقصانپورا کرنے کے لئے دن رات ایک کر دیے۔

رواں سال ٹماٹر کی بمپرفصل تیار ہوئی۔ زمیندار اور ہاری شاندار فصل پر جھوم اٹھے تھے مگر ان کی خوشیوں پر وفاقی حکومت کے ایک غلط فیصلے نے پانی پھیر دیا۔ ملک میں وافر پیداوارکے باوجود ایران سے ٹماٹر منگوانا شروع کر دیا جس کی وجہ سے ٹماٹر کے نرخ یک دم زمین پر آن گرے۔ منڈی میں روزانہ30 تا 40 ہزار بورے ٹماٹرپہنچ رہا ہے مگر کوئی خریدار ہی نہیں۔


زمینداروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی فی ایکڑ فصل پر ایک لاکھ روپے تک خرچ ہوا ہے مگر ٹماٹر کی10کلو والی تھیلی منڈی میں صرف 25 تا 30 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔

زمیندار جگدیش مالہی نے نمائندہ ایکسپریسکو بتایا کہ میں نے 10 ایکڑ ٹماٹر کاشت کیا۔ روزانہ تقریباً 200 تھیلیاں ٹماٹر لاتا ہوں مگر ٹماٹر کی بے قدری کے باعث مجھے ابھی تک لاگت بھی نہیں ملی۔

جگدیش کمار مالہی کا کہنا تھا کہ ڈھائی من ٹماٹر کی قیمت صرف ایک کلو مرغی کے گوشت کے برابر ہو چکی ہے۔ اس بے قدری پر متعدد زمینداروں نے آئندہ سال ٹماٹر کی فصل نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 
Load Next Story