سینیٹ الیکشن اوپن کریں یا خفیہ بکنے والا بک جاتا ہے شیخ رشید

جو لوگ فوج کوگالیاں دیتے ہیں ان کی زبان کھینچ لینی چاہیے، شیخ رشید

فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی بات کی لیکن اب موسم بدل گیا ہے، شیخ رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن اوپن کریں یا خفیہ بکنے والا بک جاتا ہے۔

اسلام آباد بدمعاشوں کا شہر نہیں اس لئے 33 میں 30 ناکے ختم کردیئے جب کہ باقی 3 بھی جلد ختم کردیں گے، چوہدری نثار اپنے ساتھ جیمر والی گاڑی رکھتے تھے لیکن آج وزیر داخلہ بغیر جیمر کی گاڑی گھومتا ہے، اسلام آباد میں آنے والے دنوں میں جدید پولیس نظر آئے گی، پاکستانی سفارتخانوں میں 3 سال سے زائد ملازمت کرنے والوں کو واپس بلا رہے ہیں، جنہوں نے غیر ملکی شہریت لی انہیں نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔


شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی بات کی تھی لیکن اب موسم بدل گیاہے اس لئے وہ بات واپس لیتا ہوں، پی ڈی ایم بھی اپنے معاملات پر سوچے، دھرنا بہت مشکل کام ہے، ہمیں 126 دن کے دھرنے کا تجربہ ہے، قانون کے دائرے میں لانگ مارچ آئے تو کوئی مسئلہ نہیں، آصف زرداری اوربلاول میری بات سمجھتے ہیں، اپوزیشن کو بالآخر پیپلز پارٹی کی بات ہی ماننی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک افواج ملک کے لئے قربانیاں دے رہی ہیں، جو لوگ فوج کو گالیاں دیتے ہیں ان کی زبان کھینچ لینی چاہیے، 4 جماعتیں ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، وہ لوگ انتشار پھیلا رہے ہیں جو پاکستان بنانے کے بھی خلاف تھے، دُکھ مسلم لیگ (ن) کا ہے جو فوج کے خلاف بات کرے وہ مسلم لیگی نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن ہورہے ہیں، سینیٹ کے انتخابات کو میڈیا نے اہمیت دی ہے، سینیٹ الیکشن اوپن کریں یا خفیہ کریں بکنے والا بک جاتا ہے، بکنے والوں کی لالچ انہیں برباد کردیتی ہے، کسی کا ایک ووٹ کم ہوگیا تو قیامت نہیں آجائے گی۔
Load Next Story