تحریک انصاف کو بڑا دھچکا ن لیگ نے نوشہرہ کی سیٹ چھین لی

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی 21 ہزار 208 ووٹ لے کر کامیاب

قومی اسمبلی کی سیٹ این اے 75 کے پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی ہوئی

ضمنی الیکشن میں نوشہرہ سے ن لیگ کے امیدوار اختیار ولی کامیاب ہوگئے۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں نوشہرہ کی نشست پی کے 63 میں (ن) لیگ کے امیدوار اختیار ولی نے میدان مار لیا۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق اختیار ولی نے 21 ہزار 208 ووٹ حاصل کیے جب کہ پی ٹی آئی کے محمد عمر 17 ہزار 97 ووٹ لے سکے۔





این اے 45 کرم میں جے یو آئی کے جمیل خان، پی ٹی آئی کے فخر زمان اور آزاد امیدوار سید جمال کے درمیان مقابلہ ہوا۔ 122 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار فخر زمان پہلے، آزاد امیدوار دوسرے اور جے یو آئی کے جمیل خان تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 75

این اے 75 سیالکوٹ میں (ن) لیگ کی سیدہ نوشین افتخاراور پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی میں کڑا مقابلہ ہوا۔ تمام پولنگ اسٹیشنز سے موصولہ نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی خاتون امیدوار نوشین افتخار آگے اور تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد دوسرے پر نمبر پر ہیں۔

پولنگ کے دوران ضمنی الیکشن کے لیے قومی اسمبلی کی سیٹ این اے 75 کے پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی۔ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران دو گروپوں میں شدید جھگڑے اور فائرنگ سے 8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے۔


پی پی 51 وزیر آباد

پی پی 51 گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کی بیگم طلعت محمود اور پی ٹی آئی کے چوہدری یوسف کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جس میں بیگم طلعت محمود نے فتح حاصل کرلی۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق طلعت محمود 53 ہزار 903 ووٹ لے کر پہلے اور چوہدری یوسف 48 ہزار 484 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ پڑھیں : این اے 75 میں فائرنگ اورہنگامہ آرائی سے 2 افراد جاں بحق

آج عوام نے بھی نیازی کے خلاف فیصلہ دے دیا، احسن اقبال

نوشہرہ میں کامیابی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج ہم نے عمران نیازی کو وزیر آباد اور نوشہرہ میں شکست دی ہے، آج کے انتخابات نے ثابت کر دیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عوام نے بھی نیازی کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے، آج لوگوں نے ثابت کردیا کے عوام کے دلوں کا وزیر اعظم نوازشریف ہے، یہ سلیکٹڈ اب رجیکٹڈ وزیر اعظم بن چکا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ڈسکہ میں فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا گیا، حکومت دھاندلی کی کوشش کررہی ہے، یہ ڈسکہ میں بھی نتائج تبدیل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں، انتظامیہ ریاست کی ملازم ہے یہ اس کا شیوا نہیں کہ وہ سیاسی جماعت کا کارکن بن کر دھاندلی کرے،

مارچ کامیاب کرنے کیلیے وزیر آباد کے ووٹرز ہی کافی ہیں، خرم دستگیر

خرم دستگیر نے کہا کہ چاروں صوبوں کے عوام نے عمران خان نیازی کو مسترد کردیا، وزیراعظم فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، ہم 26 مارچ کو مارچ کریں گے تو وزیر آباد کے ووٹرز ہی مارچ کو کامیاب کرنے کے لیے کافی ہیں، عمران نیازی اگر تم میں شرم ہے تو آج ہی استعفی دو تاکہ اگلے فری اینڈ فئیر الیکشن ہوسکیں۔
Load Next Story