سینیٹ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نظر آرہی ہے، یوسف رضا گیلانی

ویب ڈیسک  پير 22 فروری 2021
عمران خان اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مل رہے ہیں اس کی وجہ میں ہی ہوں، سابق وزیراعظم

عمران خان اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مل رہے ہیں اس کی وجہ میں ہی ہوں، سابق وزیراعظم

 اسلام آباد: سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ  نظر آرہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے۔

مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے متفقہ طور پر مجھے امیدوار نامزد کیا ہے، اپنی انتخابی مہم شروع کی ہے جس کا اچھا ردعمل ملا ہے، یہ فتح جمہوری قوتوں کی ہوگی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج عمران خان وزراء سمیت اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مل رہے ہیں اس کی وجہ میں ہی ہوں، میرا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ ہوا ہے نہ ملاقات ہوئی ہے، وہ میرے رشتہ دار ہیں کہنے کی ضرورت نہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مجھے نظر آرہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے ، ن لیگ نے مجھے ووٹ دیکر وزیراعظم بنایا تھا اور اب بھی ن لیگ حمایت کررہی ہے، مجھے اس وقت بھی تعلقات کی بنیاد پر بھی ووٹ پڑے اور اب بھی اسی کارکردگی پر ووٹ ملیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔