انجن فیل ہونے کا واقعہ؛ تمام بوئنگ 777 ایس طیارے گراؤنڈ کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  پير 22 فروری 2021
امریکا میں دوران پرواز بوئنگ 777 کے ایک انجن میں آگ لگ گئی تھی

امریکا میں دوران پرواز بوئنگ 777 کے ایک انجن میں آگ لگ گئی تھی

 واشنگٹن: ایک طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے بعد جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ نے دنیا بھر کی تمام فضائی کمپنیوں کو ’’بوئنگ 777 ایس‘‘ طیارے استعمال نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

گزشتہ روز امریکی ریاست کولوراڈو میں دوران پرواز ’بوئنگ 777 ایس‘ کے ایک انجن میں آگ لگ گئی تھی اور اس کے ٹکڑے ٹوٹ کر نیچے آبادی پر جاگرے تاہم خوش قسمتی سے طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا اور پائلٹ طیارے کو ڈینیور شہر میں بحفاظت اتارنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے پریٹ اینڈ وٹنی انجن والے طیارے 777 ایس کو گراؤنڈ کرنے کی سفارش کردی جس پر یونائیٹڈ ایئرلائنز، کورین ایئر اور جاپان کی 2 فضائی کمپنیوں نے اپنے 68 طیاروں کو گراؤنڈ کردیا۔

امریکی وفاقی ایوی ایشن نے ڈینیور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور بوئنگ نے کہا ہے کہ یہ تحقیقات مکمل ہونے تک 777 طیاروں کو استعمال نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ 2019 میں بوئنگ 737 میکس طیاروں کے دو حادثات پیش آئے تھے جن میں 346 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جس کے بعد بوئنگ کمپنی اپنی ساکھ بحال کرنے کے لیے کوششیں کررہی تھی تاہم اب 777 ایس کا واقعہ اس کے لیے ایک دھچکا ثابت ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔