ہفتہ رفتہ حصص مارکیٹ بلند سے بلند تر 26000 پوائنٹس کی حد عبور

سست روی سے 2013 کااختتام،نئے سال کے آغازپربرق رفتارخریداری،صرف 3 روز میں مارکیٹ812 پوائنٹس بلند

پورے ہفتے میںمارکیٹ سرمایہ1.98کھرب روپے بڑھ کر6255ارب ہوگیا، کاروباری حجم میں48 فیصدکا اضافہ۔ فوٹو: راشد اجمیری/ایکسپریس/فائل

اقتصادی محاذ پر اچھی اطلاعات، افراط زر کی شرح میں کمی، چین کے پاکستان کو توانائی کے شعبے میں 6.5ارب ڈالر کی فراہمی کے اعلان، زرمبادلہ ذخائر میں اضافے، روپے کی ریکوری اور لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے نتائج کے امکانات پر گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں نے فروخت کے مقابلے میں حصص کی خریداری کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نئی بلندیوں کا سفرطے کیا اور پہلی بار 26000 کی حد بھی عبور کر گیا۔

ساتھ ہی مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی 62 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا، گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز اور سال 2013 کے اختتامی ایام میں مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار اور رجحان مندی کی جانب گامزن رہا، مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی محدود حاضری اور غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کے باعث بھی مارکیٹ متاثر ہوئی تاہم ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی مارکیٹ میں سرمایہ کاری رجحان اچانک تبدیل ہوگیا، سرمایہ کاری حجم میںنمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی اور 34 کروڑ سے زائد حصص کا لین دین ریکارڈ کیاگیا۔




اس کے علاوہ انڈیکس میں 375 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا اور مارکیٹ نے یہاں سے بلندیوں کے سفر کاآغاز کیا، انڈیکس بدھ کو25609 پوائنٹس، جمعرات کو 353 پوائنٹس کے اضافے سے 25962 اورکاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو 84 پوائنٹس بڑھ کر 26046 کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا، صرف ان 3 روز میں مارکیٹ 812 پوائنٹس بلند ہوئی تاہم منگل کو 23 پوائنٹس کی مندی اور پیر کو 26 پوائنٹس کی محدود تیزی کے باعث مجموعی طور پر815 پوائنٹس بلند ہوئی، ایک ہفتے میں مارکیٹ سرمایہ 1 کھرب 98 ارب 30 کروڑ روپے کے اضافے سے 62 کھرب 55 ارب 83 کروڑ 70لاکھ روپے تک پہنچ گیا جبکہ اس ہفتے میں کاروباری حجم 48 فیصد بڑھ گیا اور اوسطاً یومیہ 27کروڑ25لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔
Load Next Story