سبزی منڈی میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کر دی گئی

سروس روڈکی تعمیرکاکام بھی شروع،منڈی کے تاجروں نے مہم کو تاجروں اور خریداری کیلیے آنے والوں کیلیے خوش آئند قرار دیدیا

منڈی کے مسائل حل کرکے شہریوں کو معیاری پھل اور سبزیاں فراہم کی جاسکتی ہیں ،کمشنر کراچی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، تاجر فوٹو: فائل

SEHWAN SHARIF:
کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر سپر ہائی وے پر واقع سبزی منڈی میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کردی گئی ہے۔

جبکہ منڈی کے باہر سروس روڈ کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے، کمشنر کراچی کی زیر صدارت گزشتہ ہفتے ہونیوالے اجلاس میں منڈی کے تاجروں کی جانب سے منڈی میں تجاوزات کی بھرمار اور منڈی کے باہر سروس روڈ کی خستہ حالی کی جانب توجہ دلانے پر کمشنر کراچی نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ماتحت عملے کو فوری طور پر منڈی کے اطراف اور اندر صفائی ستھرائی، راستوں کی مرمت اور منڈی کے اندر تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی تھی، منڈی کے تاجر رہنمائوں زاہد اعوان، فیض اﷲ خان اچکزئی، حاجی عبدالرحمن، عبدالخالق محمد یوسف و دیگر نے کمشنر کراچی کے احکامات پر تجاوزات کے خلاف مہم کے آغاز اور سروس روڈ کی مرمت کے آغاز کو منڈی کے تاجروں اور شہر سے خریداری کے لیے آنے والوں کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔




تاجروں کے مطابق کمشنر کراچی کی یقین دہانی کے بعد مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر اور سیکریٹری نے ہفتے میں3 روز منڈی کے دفتر میں بیٹھنے کا اعلان کیا ہے تاکہ منڈی کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے، تاجروں نے کمشنر کراچی کی ہدایت پر کراچی سبزی منڈی میں سبزیوں کی نیلامی رات کے بجائے صبح سویرے شروع کیے جانے کے فیصلے کا بھی بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے منڈی کے کاروبار اور شہر میں قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے کیلیے بہترین فیصلہ قرار دیا، تاجروں کے مطابق منڈی کے مسائل حل کرکے شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق معیاری پھل اور سبزیاں مناسب قیمت پر فراہم کی جاسکتی ہیں جس سے عام آدمی کو ریلیف حاصل ہوگا اور اس حوالے سے کمشنر کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
Load Next Story