حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں مولانا فضل الرحمان

عمران خان کی  2018 کی اکثریت بھی جعلی تھی اور آج بھی جعلی ہے، سربراہ پی ڈی ایم

عمران خان تو خود کرپشن کے بانی ہیں، وہ کس منہ سے ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، سربراہ پی ڈی ایم۔ فوٹو: فائل

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے جعلی وزیراعظم کی سمری پر ایوان کا جعلی اجلاس بلایا، عمران خان نے عدم اعتماد کے بعد پھر سے اعتماد کے ووٹ لینے کی بات کی ہے، ساری رات ممبر کے دروازے کھٹکھٹا کر حاضری لی گئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب، 178 ووٹ حاصل کیے

انہوں نے کہا کہ میں پتہ ہےہر ممبر کی نگرانی ایجنسیوں نے کی ہے اور کس طریقے سے ان سے جبری ووٹ لیا گیا ہے، وزیراعظم کو کرپٹ ارکان کا ووٹ لیتے شرم نہیں آئی، ان کی 2018 کی اکثریت بھی جعلی تھی اور اب بھی جعلی ہے، ہم نہ آج کے اجلاس کو تسلیم کرتے ہیں نہ اعتماد کے ووٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:عمران خان سیاسی شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے، آصف زرداری


مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج پارلیمنٹ کے باہر بدمعاشوں اور لچے لفنگوں نے شرفا کی پریس کانفرنس پر حملہ کیا، شیشے کے گھر میں رہ کر کسی پر پتھر نہیں پھینکتے، حکومت شرافت کا دامن ہاتھ نہ جانے دے، ہم حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:پے در پے شکست کا سامنا ہو تو دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے، مریم نواز

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان تو خود کرپشن کے بانی ہیں، وہ کس منہ سے ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، انہوں نے خود جائیداد بنائی اور 12 لاکھ میں بنی گالا کا محل ریگولرائز کرایا، پی آئی اے کے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا، اسٹیل مل ملازمین نے کون سی کرپشن کی جو انہیں ملازمت سے نکالا گیا، پوری دنیا سے ہماری تجارتی روابط کٹ چکے ہیں، عمران خان کبھی امریکا، کبھی ایران کے نظام کی بات کرتے ہیں، کبھی چائنا کے نظام کو آئیڈل کہتے ہیں، آپ پر اب کون اعتماد کرے گا، اب یہ قوم مزید دھوکا کھانے کو تیار نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج پھر اجلاس میں وہی پرانی باتیں دہرائیں، تعجب ہے کہ آج عمران خان نے پھر سے ریاست مدینہ کی بات کی، ملک خطابت سے نہیں چلا کرتے، جعلی حکمران آج ہے کل نہیں ہوگا، واضح اعلان کرتا ہوں پی ڈی ایم آج کے اجلاس کو آئینی نہیں سمجھتی، اور کرپٹ حکومت کےخلاف فیصلے کرچکی ہے۔

 
Load Next Story