پی ایس ایل عالمی وبا کے حوالے سے انشورنس نہ ہوسکی

 اگر بقیہ میچز کا انعقاد نہ ہوا تو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا

انشورنس کمپنی پالیسی میں کورونا شامل کرنے کو تیار نہ تھی،بورڈ فوٹو : فائل

MULTAN:
پی ایس ایل6 کو عالمی وبا کے حوالے سے انشورڈ نہ کرایا جا سکا، اگر بقیہ میچز کا انعقاد نہ ہو سکا تو فرنچائزز سمیت پی سی بی کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، ڈائریکٹرمیڈیا سمیع الحسن برنی کا کہنا ہے کہ کوویڈ کے دنوں میں انشورنس کمپنی عالمی وبا پالیسی میں شامل کرنے کو تیار نہ تھی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے ہر شعبے کی طرح کھیلوں کو بھی بڑا نقصان پہنچا ہے، گوکہ اب حفاظتی تدابیر اختیار کر کے دنیا بھر میں مقابلوں کا انعقاد ہونے لگا مگر پھر بھی پہلے والی رونقیں بحال نہیں ہو سکی ہیں، حال ہی میں پی ایس ایل 6کو کورونا کیسز سامنے آنے پر ملتوی کرنا پڑا،گوکہ پی سی بی نے بقیہ20میچز کیلیے ممکنہ ونڈو کی تلاش شروع کر دی لیکن اگر کسی وجہ سے انعقاد نہ ہو سکا تو نہ صرف بورڈ بلکہ فرنچائزز کو بھی بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔


ذرائع نے بتایا کہ ایونٹ کو عالمی وبا کیخلاف انشورڈ نہیں کرایا گیا ہے،گذشتہ برس ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کورونا کی نذر ہونے پر منتظمین کو تقریبا 142 ملین ڈالر انشورنس کمپنی سے ملے کیونکہ ان کی پالیسی میں عالمی وبا کو شامل کیا گیا تھا۔

اسی لیے بغیر کھیلے کھلاڑیوں کو بھی معاوضوں کی ادائیگی کر دی گئی تھی، البتہ اگر پی ایس ایل مکمل نہ ہوئی تو پلیئرزکے ہاتھ بھی بہت کم رقم آئے گی، اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، اس سے دنیا بھر میں اسپورٹس ایونٹس متاثر ہو رہے ہیں لہذا انشورنس کمپنی بھی عالمی وبا کا کور فراہم کرنے کو تیار نہ تھی، انھوں نے کہا کہ ہم نے چھٹے ایڈیشن کیلیے کھلاڑیوں کی جنرل انشورنس کرائی ہوئی ہے، ایونٹ ابھی منسوخ نہیں ملتوی ہوا، ہمیں امید ہے کہ بقیہ میچز کا بھی انعقاد کر لیا جائے گا۔
Load Next Story