بریسٹ کینسر سے آگاہی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے ایپ متعارف

ایپ سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتو زبان میں بھی دستیاب ہے

ایپ مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہے، فوٹو : رائٹرز

پنک پاکستان کی جانب سے بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض سے آگاہی کے لیے ایک ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس میں مرض سے متعلق اہم معلومات، ماہرین کا پینل اور مفت علاج کی سہولت موجود ہے۔

خواتین میں بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض کی بروقت تشخیص کامیاب علاج کی ضمانت ہے لیکن اکثر خواتین کو اس مرض سے مکمل آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی شرح میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

بریسٹ کینسر بھی کینسر کی دیگر اقسام کی طرح ایک بیماری ہی ہے لیکن معاشرے میں اس کے بارے میں بات کرنے کو شجر ممنوعہ ہی سمجھا جاتا ہے اور کئی خواتین شرم یا جھجھک کے باعث بیماری سے متعلق کسی کو نہیں بتاتیں، یہاں تک کہ یہ مرض آخری اسٹیج تک پہنچ جاتا ہے۔

اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے خواتین کی صحت اور بالخصوص کینسر پر کام کرنے والے ' دی پنک پاکستان' نے بریسٹ کینسر سے متعلق اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے جو پاکستان کے طول و ارض میں رہنے والی خواتین کو نہ صرف مرض سے آگاہی بلکہ مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔

اس حوالے سے پنک پاکستان کی صدر ڈاکٹر زبیدہ قاضی کا کہنا تھا کہ بریسٹ کینسر سے صحت یابی کے لیے سب سے اہم بات مرض کی بروقت تشخیص ہے اس لیے ہماری پہلی ترجیح مریضوں کو بنیادی معلومات فراہم کرنا اور ازخود معائنہ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔

انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر کے مطابق پاکستان میں صرف گزشتہ برس 25 ہزار 928 خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی جب کہ 13 ہزار 725 خواتین اس موذی مرض سے زندگی کی بازی ہار گئیں۔

یہ ایپ مقامی زبانوں میں دستیاب ہونے کی وجہ سے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے مفید ہے اور سب سے خاص بات یہ کہ ایپ خواتین کو بریسٹ کینسر کی ازخود تشخیص یا طریقہ کار سے اگاہی دیتی ہے۔

ان سادہ اور آسان طریقوں سے خواتین اپنا معائنہ خود کرکے بریسٹ کینسر کی تشخیص کسی لیبارٹری یا اسپتال جائے بغیر گھر ہی پر کرسکتی ہیں۔

بریسٹ کینسر کی از خود تشخیص

بریسٹ کینسر کی اولین علامات گٹھلیوں کا بننا ہے جس کی بروقت تشخیص کے لیے ایپ میں سادہ اور آسان طریقوں کو مقامی زبانوں میں پیش کیا گیا ہے جس دیکھ کر ازخود تشخیص کی جاسکتی ہے۔

ماہر معالجین سے رابطہ


بریسٹ کینسر کی تشخیص کے بعد اہم مرحلہ ماہر معالجین سے علاج کرانا ہے۔ 'پنک پاکستان' کے پاس قابل اور تجربہ کار بریسٹ اسپیشلسٹ موجود ہیں جن کی مفت خدمات صارفین کو پیش کی جائیں گی۔

مریضوں کے درمیان گفتگو کا فورم

اس ایپ میں صحت یاب مریضوں اور نئے مریضوں کے لیے ''ڈسکشن فورم'' بھی ہے جہاں صحت یاب مریض اپنے تجربے سے نئے مریضوں کو آگاہ کرتے ہیں جو نئے مریضوں کی حوصلہ افزائی اور مرض سے متعلق براہ راست معلومات کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہے۔

ایپ صوبائی زبانوں میں بھی دستیاب ہے

ایپ کی منفرد بات اس کا صوبائی زبانوں میں دستیاب ہونا ہے۔ پنجابی، سندھی، بلوچی اور پشتو زبان میں ہونے کی وجہ سے یہ پاکستان کے تمام علاقوں میں رہنے والی خواتین کے لیے یکساں طور پر کارآمد ہے۔

ایپ گوگل اسٹور سے انسٹال کی جاسکتی ہے۔










Load Next Story