سیالکوٹ تا کھاریاں موٹروے سمیت 267 ارب کے 12 منصوبوں کی منظوری

69 کلومیٹر طویل موٹروے کی تعمیر بھی شامل، چاروں صوبوں میں متعدد منصوبوں کے لیے فنڈز منظور ہوا ہے

مشیر خزانہ حفیظ شیخ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے (فوٹو: فائل/اے پی پی)

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے سیالکوٹ سے کھاریاں تک 69 کلومیٹر طویل موٹروے کی تعمیر سمیت 267 ارب مالیت کے 12 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے ایکنک کے اجلاس میں عالمی بینک کے تعاون سے 13.26 ارب روپے سے خیبرپختونخوا ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ منصوبے سے خیبر پختون خوا کی 84 لاکھ آبادی اور 5 لاکھ مہاجرین کو معیاری صحت عامہ کی سہولیات میسر آئیں گی۔

شکارپور تا راجن پور اضافی دو سڑکیں

اجلاس میں شکارپور سے راجن پور انڈس ہائی وے پر اضافی دو لائن تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ اس منصوبے پر 44.70 ارب لاگت آئے گی جس میں اے ڈی بی 40.23 ارب دے گا۔

سمبڑیال تا کھاریاں 69 کلومیٹر طویل موٹروے

اجلاس میں سمبڑیال سے کھاریاں تک 69 کلومیٹر طویل موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ موٹروے پر 43.38 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

سوات موٹروے فیز ٹو: چکدرہ تا فتح پور زمین کی خریداری


اسی طرح سوات موٹروے فیز 2 کی چک درہ سے فتح پور تک تعمیر کے لیے زمین کی خریداری کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا۔ سوات موٹر وے فیز میں زمین کی خریداری کے لیے 20 ارب خرچ ہوں گے۔

سندھ میں چھوٹے ڈیمز، دادو میں نئی گاج ڈیم فیز ٹو کا فنڈز منظور

اجلاس میں سندھ کے قحط سے متاثرہ علاقوں میں 24.49 ارب روپے سے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ دادو میں نئی گاج ڈیم کے دوسرے فیز کے لیے 46.98 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

بلوچستان میں زراعت آبپاشی، بسول دریا پر ڈیم

بلوچستان کے 11 اضلاع میں زراعت اور آب پاشی کے لیے 14.74 ارب سے آبی وسائل کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ بلوچستان میں بسول دریا پر 18.67 ارب سے ڈیم بنانے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔

آزاد جموں کشمیر میں 48 میگاواٹ کا ہائیڈرو پاور اسٹیشن

اسی طرح آزاد جموں کشمیر میں 11.37 ارب سے جاگران میں 48 میگاواٹ کا ہائیڈرو پاور اسٹیشن لگانے کی منظوری بھی دی گئی۔
Load Next Story