پی ٹی آئی قیادت کی پارٹی عہدیداروں کو اپوزیشن بیانیے کیخلاف موثر مہم چلانے کی ہدایت
رواں ماہ خیبر پختونخوا میں وزیراعظم عمران خان عوامی جلسوں سے بھی خطاب کریں گے، ذرائع
تحریک انصاف نے پارٹی عہدیداروں کو اپوزیشن کے بیانیے کے خلاف موثر مہم چلانے کی ہدایت کردی ہے۔
تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے بعد اپوزیشن کے بیانیے کے توڑ کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں پارٹی قیادت نے عہدیداروں کو اپوزیشن بیانے کے خلاف موثر مہم چلائے کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی عوامی جلسے کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
وزیراعظم رواں ماہ خیبر پختونخوا کے دورے کریں گے، وہ مردان، نوشہرہ اور سوات میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے علاوہ جلسوں سے خطاب بھی کریں گے اس حوالے سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف ، انصاف یوتھ ونگ پشاور ریجن ، ضلع مالاکنڈ ، سوات اور دیر لوئر کو ظہرانہ دیا گیا، جس میں پارٹی کے ایم این ایز ، ایم پی ایز، ریجن اور ضلعی صدور ، جنرل سیکٹریز اور دیگر تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر پارٹی کی تنظیمی امور اور وزیر اعظم عمران خان کے دورہ خیبر پختونخوا کے بارے میں مشاورت کی گئی، ظہرانے میں شریک عہدیداروں اور ارکان اسمبلی نے وزیراعلی محمود خان کر اعتماد کا اظہار کیا اور پارٹی عہدیداروں نے وزیراعلٰی کو پارٹی کو منظم کرنے اور مزید فعال بنانے کے لیے اپنی تجاویز دیں۔ وزیراعلی محمود خان نے اس موقع پر شرکا کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 19 مارچ کو سوات موٹروے اور 27 مارچ کو رشکئی کا دورہ کریں گے وہاں ترقیاتی منصوبوں کے آفتتاح کے علاوہ جلسوں سے خطاب بھی کریں گے۔