تھانے میں جاں بحق لڑکے کی نماز جنازہ ادا گرفتار ایس ایچ او کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ

تھانہ عملے کے بیانات قلمبند، پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کی منتظر، کیمرا مانیٹرنگ پر موجود اہل کار کے خلاف کارروائی

تھانہ عملے کے بیانات قلمبند، پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کی منتظر، کیمرا مانیٹرنگ پر موجود اہلکار کے خلاف کارروائی (فوٹو : فائل)

تھانہ غربی میں نوجوان کی خودکشی کے معاملے پر گرفتار ایس ایچ او دوست محمد کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا، لڑکے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نوجوان شاہ زیب کی حوالات میں خودکشی کے معاملے پر تھانہ غربی کے ایس ایچ او دوست محمد کو مجسٹریٹ ثناء اللہ خان کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج نے دوست محمد کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تھانہ عملے کے بیانات قلمبند ہوگئے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، سی سی پی او

سی سی پی او عباس احسن نے بتایا کہ پولیس کو طالب علم شاہ زیب کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی، انویسٹی گیشن ٹیم نے ایس ایچ او سمیت تھانہ عملے کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں، کیپٹل پولیس واقعہ کی مکمل تحریری رپورٹ سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کرے گی۔

یہ پڑھیں : پشاور؛ نوجوان نے حوالات میں خودکشی کرلی، تھانہ معطل اور ایس ایچ او گرفتار

انہوں نے کہا کہ تھانہ غربی کا مکمل ریکارڈ انویسٹی گیشن یونٹ نے چیک کیا، تھانے میں لگے تمام سی سی ٹی ویز کیمروں کی ریکارڈنگ انویسٹی گیشن ٹیم جوڈیشل کمیشن کو دے گی۔




کیمروں کی مانیٹرنگ پر موجود اہل کار کے خلاف کارروائی کرچکے، ایس ایس پی آپریشن

اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشن یاسر آفریدی نے کہا ہے کہ کیمروں کی عدم مانیٹرنگ غفلت ہے، جس پولیس اہل کار کی کیمروں کی مانیٹرنگ پر ڈیوٹی تھی غفلت برتنے پر اس کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے، پولیس تھانہ غربی انگریز دور حکومت کا تھانہ ہے یہاں نیا تھانہ قائم کررہے ہیں۔

پولیس میں موجود غلط لوگوں کا محاسبہ کریں گے، ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی

دریں اثنا ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ قابل افسوس ہے، پولیس سربراہ خود واقعہ کی تمام تر صورتحال دیکھ رہے ہیں، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو فوری طور پر برطرف کردیا گیا، اس واقعہ میں جو بھی ملوث ہے اس کے خلاف تحقیقات ہوں گی، اچھے برے ہر معاشرے میں ہوتے ہیں، پولیس میں موجود غلط لوگوں کا محاسبہ کریں گے۔

واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار

پشاور پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق شاہ زیب کی دکان دار سے ڈرون کیمرے پر لڑائی ہوئی، جھگڑا ہونے پر شاہ زیب نے دکان دار پر پستول تان لیا، دکان دار نے شاہ زیب کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس نے شاہ زیب کے خلاف مقدمہ درج کرکے دوپہر 3 بج کر 42 منٹ پر اسے حوالات میں بند کیا جہاں شاہ زیب نے تکیہ کے ٹکڑے سے حوالات کی سلاخوں کے ساتھ خود کشی کی۔

پولیس نے کہا ہے کہ شاہ زیب کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دی، ان کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، واقعہ کی جوڈیشل تحقیقات کی لیے ڈسٹرکٹ اور سیشن جج کو درخواست کردی گئی ہے۔
Load Next Story