پپری تا کے پی ٹی نیا ٹریک بنانے پر غور 15 ٹرینوں کی نجکاری جلد ہوگی وزیراعظم کو بریفنگ

کراچی سرکلر ریلوے کیلیے کنسلٹنٹ مقرر، درخت لگانے کیلیے221 کلومیٹر طویل ٹریک کی نشاندہی،راولپنڈی تا اٹک سفاری ٹرین شروع

(فوٹو : فائل)

محکمہ ریلوے نے کے سی آر کے لیے کنسلٹنٹ مقرر کردیا، پپری تا کے پی ٹی مال بردار گاڑیوں کے لیے ٹریک زیر غور ہے، ریلوے 4 ٹرینوں کی نجکاری کرچکا اب 15 ٹرینوں کی نجکاری جلد ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحاتی عمل، کراچی سرکولر ریلوے منصوبے میں پیش رفت اور پرائم منسٹر ریلوے گرین انیشیئیٹو کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیراعظم کو ریلوے کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیرِ ریلوے اعظم خان سواتی، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

پیری تا کے پی ٹی مال بردار ریل کے لیے نیا ٹریک زیر غور

کراچی میں ریلوے مسائل پر بتایا گیا کہ لاہور کراچی ریلوے ٹریک کے متوازی مال بردار گاڑیوں کے لیے ایک مخصوص فریٹ کوریڈور بنائے جانے کا منصوبہ زیر غور ہے جس کے ذریعے پپری کو کراچی پورٹ ٹرسٹ سے ملایا جائے گا، اس کوریڈور کے نتیجے میں مال برداری میں آسانی اور شہر میں ٹریفک کے مسائل میں کمی واقع ہوگی۔

کراچی سرکلر ریلوے کے لیے کنسلٹنٹ مقرر

کراچی سرکولر ریلوے منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس حوالے سے پاکستان ریلوے نے بی او ٹی کی بنیادوں پر ماڈل تیار کیا ہے جس کے ذریعے مسافروں کو بہتر سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ منصوبے کے ٹیکنیکل ڈیزائن اور فنانشل ماڈل کی تیاری کے حوالے سے کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا ہے جو 30 دنوں میں اپنی تجاویز پیش کرے گا۔

آٹو میشن جیسی کلیدی اصلاحات متعارف کرانے پر کام جاری

ریلوے اصلاحات کے حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز کے نقصانات میں کمی لانے اور ادارے کو ڈوبنے سے بچانے کے حوالے سے مفصل اصلاحاتی پروگرام پر کام جاری ہے۔ اس ضمن میں نہ صرف نجی شعبے کو ریلوے آپریشنز میں شریک کیا جا رہا ہے بلکہ ادارے میں آٹو میشن جیسی کلیدی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔


چار ٹرینوں کی نجکاری ہوچکی، 15 کی نجکاری جلد ہوگی

اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک چار ٹرینیوں کی نجکاری کی جا چکی ہے اور مزید پندرہ ٹرینوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے پر کام جاری ہے۔

راولپنڈی تا اٹک سفاری ٹرین کا آغاز

ریل ٹورازم کے حوالے سے بتایا گیا کہ راولپنڈی سے اٹک تک سفاری ٹرین کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا انتظام نجی شعبے کے پاس ہے۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم کو ایم ایل ون منصوبے کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

درخت لگانے کیلیے 221 کلومیٹر طویل ٹریک کی نشاندہی

کلین اینڈ گرین مہم کے حوالے سے بتایا گیا کہ شجر کاری کے لیے 221 کلومیٹر طویل ٹریک کے ساتھ زمین کی نشاندہی کی جاچکی ہے جہاں درخت لگائے جائیں گے۔

ریلوے کو خسارے سے نکالنے کیلیے بلاتعطل اصلاحات کی جائیں، وزیراعظم

وزیرِ اعظم نے ریلوے اصلاحات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے جیسے قومی ادارے کو خسارے سے باہر نکالنے کے لیے بلا تعطل اصلاحاتی عمل کو یقینی بنانا بے حد ضروری ہے۔

بہتر ریلوے نظام سے ٹریفک کے مسائل بھی کم ہوں گے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ بہتر ریلوے نظام سے نہ صرف عوام کو آمد و رفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ اس سے ٹریفک سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے اور معاشی بہتری کے حوالے سے بھی مدد ملے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحاتی عمل کے حوالے سے پیش رفت پر انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
Load Next Story