لاہور کاہنہ پولیس مقابلہ جعلی نکلا ویڈیو وائرل

فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو وہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی پڑے آخری سانسیں لے رہے تھے، پولیس کا بیان

کاہنہ پولیس نے ہمارے مخالفین سے 25 لاکھ روپے لے کر جعلی مقابلہ کیا، ورثا کا بیان۔ فوٹو:فائل

کاہنہ پولیس مقابلے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو زندہ ہیں، جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے اور بعد میں دم توڑ گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں ہونے والا مبینہ پولیس مقابلہ جعلی نکلا اور اس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس نے مبینہ ڈاکووں کو مقابلے سے قبل زندہ گرفتار کیا اور بعد میں ان کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی۔

کاہنہ پولیس نے ایف آئی آر میں ملزمان کا زخمی حالت میں گرے ہونے کا لکھا، اور بتایا کہ چار ملزم شہزادہ روڈ سے وارادت کے بعد فرار ہوئے، ملزمان کے دوساتھی پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوئے۔ ان میں سے دو ڈاکو کھیتوں کی طرف اور دو فائرنگ کرتے ہوئے دوسری جانب فرار ہوگئے، تاہم جب پولیس نے کھیتوں میں فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو وہاں دونوں ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی پڑے تھے اورآخری سانسیں لے رہے تھے، جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، ہلاک ڈاکوؤں میں وقاص اور سفیان شامل تھے۔


دوسری جانب ہلاک نوجوانوں کے ورثا کا کہنا تھا کہ کاہنہ پولیس نے ہمارے مخالفین سے 25 لاکھ روپے لے کر جعلی مقابلہ کیا۔ سفیان کے بھائی نے بیان دیا کہ ہمارے بھائی کو کاہنہ پولیس نے ناجائز مارا، اور اس کے بعد ہمیں لاشیں بھی گھر لانے کی اجازت نہ دی گئی۔

ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق کاہنہ پولیس مقابلے کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے متعلقہ پولیس افسران و جوانوں کو معطل کر دیا ہے اور ایس ایس پی آپریشنز کو معاملے کی فوری انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ قصور وار ثابت ہونے پر متعلقہ پولیس والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، واقعہ کی ایف آئی آرپر پہلے ہی انویسٹی گیشن ونگ تحقیقات کر رہا ہے۔

Load Next Story