6 بچوں کی ماں اور اس کا خالہ زاد غیرت کے نام پر بھائیوں کے ہاتھوں قتل

واقعے کے بعد مقتولہ کے بھائی فرار ہیں تاہم ملزمان کے گھر والوں کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، پولیس

مقتولہ کا شوہر سعودی عرب میں روزگار کے لیے مقیم ہے فوٹو:فائل

منگھو پیر کے علاقے خیر آباد میں گھر سے خاتون اور مرد کی گلا کٹی لاشیں ملی ہیں جنہیں مقتول خاتون کے بھائیوں نے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔

کراچی پولیس کو منگھو پیر کے علاقے خیرآباد امن چوک کے قریب گلی نمبر 3 میں واقع ایک گھر میں خاتون اور مرد کو گلا کاٹ کرقتل کیے جانے کی اطلاع ملی، متعلقہ تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا، مقتول کی شناخت 30 سالہ مختار علی ولد لیاقت علی جبکہ مقتولہ کی شناخت 28 سالہ در بی بی زوجہ عبد الرؤف کے نام سے کی گئی۔


مقتول کے چھوٹے بھائی نثار اور بڑے بھائی اختیار نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا آباد تعلق لاڑکانہ رتو ڈیرو تعلقہ گڑھی یاسین ضلع شکار پور سے ہے جب کہ وہ 4 بھائی ہیں اور مقتول مختار دوسرے نمبر پر اور غیر شادی شدہ اور اتحاد ٹاؤن عیدگاہ چوک کے قریب ضیا پکون پر پر کھانا بنانے کا کام کرتا تھا جب کہ مقتولہ در بی بی ان کی خالہ زاد تھی ، مقتولہ کا شوہر عبد الرؤف روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔

نثار نے بتایا کہ وہ اور اس کا بڑا بھائی اختیار نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب دو الگ الگ ہوٹلوں میں ملازمت کرتے تھے، منگل کی رات جب وہ دو منٹ چورنگی کے قریب اپنے کام پر تھا کہ اس کے بھائی مختار کو فون آیا اور اس نے بتایا کہ وہ گھر سے کسی کام کے لیے اتحاد ٹاؤن میں اپنے کام والے پکوان جا رہا ہے تاہم منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً 2 بجے بڑے بھائی اختیارنے اسے فون پر بتایا کہ مختار کا قتل ہوگیا ہے۔ وہ گھر پہنچا تو والدہ نے بتایا کہ رات کو وہ گھر پر سو رہی تھی کہ گھر کی گھنٹی بجی وہ دروازے پر پہنچی تو مختار گھر کی دہلیز پر خون میں لت پت پڑا تھا۔ اس کے گھر کے قریب ہی رہائش پزیر اس کی خالہ زاد دُر بی بی کو اس کے بھائی نے گھر کے اندر گھس کر قتل کر دیا ، شور شرابہ سن کر محلے کے لوگ اکھٹے ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے، خاتون اور مرد کو گھر کے کمرے میں بہیمانہ طریقے سے ذبح کیا گیا ہے ، مختار نے کافی ہمت کا مظاہرہ کیا اور گلا کٹی حالت میں 500 میٹر سے زائد فاصلے پر واقعے اپنے گھر تک پہنچ کر اپنی والدہ کو اطلاع کی۔ اس بات کی تو تصدیق ہوگئی کہ مقتولین کو مقتولہ کے بھائی نے قتل کیا ہے تاہم اس بات کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی کہ کس بھائی نے قتل کیا ہے کیونکہ مقتولہ کے تین بھائی ہیں اور واقعے کے بعد سے تینوں بھائی فرار ہیں، پولیس نے ملزمان کے گھر والوں کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا۔
Load Next Story