ٹاس جیت کر فیلڈنگ نیوزی لینڈ نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی دے ماری

ویسٹ انڈیز نے363کا مجموعہ ترتیب دیتے ہوئے پانچواں میچ203رنز سے جیت لیا

ہیملٹن:نیوزی لینڈ سے پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈین کپتان ڈیوائن براوو چھکا لگا رہے ہیں، فوٹو : اے ایف پی

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر کے اپنے پائوں پر کلہاڑی دے ماری، ویسٹ انڈیز نے اپنی ون ڈے تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ 363ترتیب دیتے ہوئے پانچواں میچ203 رنزکے بڑے مارجن سے جیت لیا، سیریز 2-2 سے برابری پرختم ہوئی۔

کرک ایڈورڈز نے کیریئر میں پہلی ون ڈے سنچری بنا دی، کپتان ڈیوائن براوو نے بھی تھری فیگر اننگزسجائی۔ تفصیلات کے مطابق پانچویں ون ڈے میں حریف کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹ پر 363رنز بنائے،یہ تاریخ میں کیریبیئن سائیڈ کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے، اس سے قبل 1987میں سری لنکا کیخلاف چار وکٹ پر 360 رنز اسکور کیے تھے،بدھ کو کرک ایڈورڈز اور کپتان ڈیوائن براوو نے چوتھی وکٹ کے لیے211 رنز کی شراکت بنائی، مہمان ٹیم نے اختتامی 10 اوورز میں 117 رنز بٹورے، کرک ایڈورڈز 123 پر ناقابل شکست رہے، یہ ان کے کیریئر کی پہلی ون ڈے سنچری ہے۔




جبکہ کپتان ڈیوائن براوو 106رنز بناکر پویلین لوٹے، ان سے قبل اوپنر کیرن پاول نے44گیندوں پر73 کی طوفانی اننگز کھیلی، جونسن چارلس 31 پر رن آئوٹ ہوئے، لینڈل سمنز9رنز بناسکے،کیویزکی جوابی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ابتدائی 15 اوورز میں پانچ کھلاڑی65 پر میدان بدر ہوگئے،کورے اینڈرسن 29 اور کائیل ملز26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، لیوک رانچی (15) اپنا پائوں اسٹمپڈ پر لگنے سے وکٹ گنوا بیٹھے، خطرناک بیٹسمین جیسی رائیڈر 17، روس ٹیلر 9 اور کپتان برینڈن میک کولم 6رنز بناکر آئوٹ ہوئے، نکیٹاملر نے 4 جبکہ آندرے رسل اور جیسن ہولڈر نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔
Load Next Story