یوم پاکستان کی فوجی پریڈ کا شاندار انعقاد
یوم پاکستان کی پریڈ میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسزکے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا، لڑاکا طیاروں نے فضاء میں کرتب دکھائے اور ناظرین پر سحر طاری کردیا۔ پاک فضائیہ نے اپنی مہارت سے ثابت کردیا کہ پاکستانی شاہین کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان سے اظہار یکجہتی کےلیے برادر ملک ترکی سے آئے سولو ایروبیٹکس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ سولو ترک نے اپنی جنگی مہارت کے جوہر دکھائے۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں کنگ آف بیٹل آرمڈ کور میں شامل ٹینکوں، توپ خانوں، ریڈار کنٹرول اور ایئر ڈیفنس کے دستوں کا شاندار دبدبہ بھی دیکھنے میں آیا۔ جدید میزائل ٹیکنالوجی بابر کروز، نصر، غزنوی اور شاہین میزائلوں نے دشمن کے دل دہلادیے۔ پریڈ میں شاندار ڈرون طیارے شاہپر ٹو اور مسلسل کئی گھنٹے پرواز کی صلاحیت رکھنے والے البراق کی نمائش بھی کی گئی۔
پریڈ دیکھنے والوں میں حکومتی و عسکری شخصیات، غیر ملکی سفارت کار اور عام شہری شامل تھے جبکہ چاروں صوبوں، گلگلت بلتستان، آزاد کشمیر کے وفود نے شرکت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستانی قوم اپنے اوپر کسی بھی حملے سے نمٹنا جانتی ہے۔ پریڈ میں قومی جذبہ اور یکجہتی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز نے اللہ ہو کے نعرے لگاتے ہوئے ناظرین پر سحر طاری کردیا۔ اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) کا خیال رکھا گیا۔
جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ مخصوص علاقوں میں صبح 5بجے سے دوپہر 12بجے تک موبائل فون سروس بند رہی جبکہ کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود بھی بند رہی۔
پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور کبوتر بازی بھی پر بھی مکمل پابندی کی گئی۔ 1000سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں عام تعطیل کی گئی۔
پریڈ گراؤنڈ کے قریب بلند عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے ہونے پر مکمل پابندی تھی، مسلح افواج اور پولیس کے دستے فیض آباد اور ارگرد کے علاقوں میں تعینات کیے گئے۔ علاوہ ازیں سٹی ٹریفک پولیس نے پریڈ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا، رات 12کے بعد ہیوی ٹریفک کے داخلہ پر مکمل پابندی تھی۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان پریڈ میں پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا عظیم الشان پریڈ کے انعقاد پر قوم افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہے، دوست ممالک اور دیگر شرکا کا بھی شکرگزار ہوں، دوست ممالک ترقی اور خوشحالی میں ہمارے ساتھ ہیں، ہم دفاعی صلاحیت میں خود مختاری حاصل کرچکے ہیں، 7سال کےقلیل عرصے میں مسلمانان برصغیر آزادی کی نعمت سےسرفراز ہوئے۔
صدر پاکستان نے کہا جنگ ہویا اندرونی خلفشار، دہشت گردی ہو یا قدرتی آفت عوام اور افواج نے وطن کی حفاظت میں کردار ادا کیا ہے، پاک فوج نے آپریشن ردالفساد میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کیا۔