بے وفا شوہروں کو ’محبوباؤں‘ سے دور کرنے والا ’جذباتی‘ مشیر

اس کا کام شادی شدہ زندگی میں سے ’باہر کی عورت‘ کو نکال باہر کرکے شادی بچانا ہے

ان کا کام ہی بیوی سے چھپ کر معاشقے لڑانے والے مردوں کو خاموشی سے راہِ راست پر لانا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لاہور:
خود کو 'جذباتی مشیر' (ایموشنل کاؤنسلر) کہنے والا31 سالہ شیاؤ شینگ ایک منفرد مہارت رکھتا ہے: وہ 'گھر سے باہر' چکر چلانے والے بے وفا شوہروں کو اور ان کی محبوباؤں میں تعلق ختم کرواتا ہے اور اسی کام کا معاوضہ لیتا ہے۔

چین میں رہنے والے شیاؤ شینگ نے یہ اچھوتا کاروبار آج سے چھ سال پہلے اکیلے شروع کیا تھا لیکن چند ہی سال میں اس کے کاروبار نے اتنی ترقی کرلی کہ اسے اپنے ساتھ مددگار ملازمین بھی رکھنا پڑگئے۔

آج اس کا معاون عملہ آٹھ افراد پر ہے جس میں کسٹمر سروس مینیجر اور صورتِ حال کا تجزیہ کرنے والے ماہرین کے علاوہ اداکار اور ڈائریکٹر تک شامل ہیں جو کسی بھی ممکنہ منظر نامے کے مطابق موزوں ترین حکمتِ عملی اپنانے میں اس کی مدد کرتے ہیں۔

شینگ کےلیے یہ کام بہت منافع بخش ثابت ہوا ہے کیونکہ ایسا کوئی بھی کیس حل کرنے کا اوسط معاوضہ وہ ڈیڑھ لاکھ یوآن (تقریباً 36 لاکھ پاکستانی روپے) وصول کرتا ہے، تاہم بعض کیسز کا معاوضہ اس سے بھی کہیں زیادہ یا کچھ کم ہوسکتا ہے۔

اس کا انحصار کیس کی نوعیت پر ہوتا ہے جبکہ شینگ کی خدمات حاصل کرنے والوں کی اکثریت مالدار خواتین پر مشتمل ہے۔


یہ خواتین بدنامی سے بچتے ہوئے اپنے شوہر کو اتنی خاموشی سے دوبارہ 'وفادار' بنانا چاہتی ہیں کہ خود شوہر کو بھی معلوم نہ ہو کہ محبوبہ سے اس کا بریک اپ کروانے میں کسی اور کا ہاتھ ہے۔

شینگ اپنے ماہرین کے ساتھ مل کر نت نئی ترکیبیں لڑاتے ہیں اور اپنی مؤکلوں کی شادی شدہ زندگی سے 'غیر عورتوں' کو نکال باہر کرنے میں اکثر کامیاب رہتے ہیں۔

ضرورت پڑنے پر وہ اپنی حکمتِ عملی کو (ڈائریکٹر اور اداکاروں کی مدد سے) مؤکل کے سامنے ڈرامے کے طور پر پیش کرکے ان کی تسلی بھی کرواتا ہے۔

البتہ، شینگ کی خدمات کا دائرہ صرف یہیں تک محدود نہیں، بلکہ وہ کسی جوڑے میں محبت اور وفاداری جانچنے کےلیے 'لو ٹیسٹر' (پیار جانچنے والے) کرائے پر بھی دیتے ہیں۔

یہ لوگ اس شادی شدہ جوڑے کے ایک فرد کو رجھانے اور لبھانے کی پوری کوشش کرتے ہیں؛ تاکہ یہ جان سکیں کہ وہ اپنے جیون ساتھی سے مخلص ہے یا نہیں۔
Load Next Story