زرمبادلہ ذخائر کاحجم 20 ارب ڈالر اقتصادی بحالی کاسفر جاری

پہلے8 ماہ میں برآمدات 2.3 فیصد کم جبکہ درآمدات میں 8.6 فیصد اضافہ ہوا

پہلے8 ماہ میں برآمدات 2.3 فیصد کم جبکہ درآمدات میں 8.6 فیصد اضافہ ہوا (فوٹو: فائل)

ISLAMABAD:
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی بحالی کاسفر جاری ہے جب کہ صنعتی بڑھوتری سے کاروباری اعتماد میں اضافہ کی عکاسی ہو رہی ہے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے مارچ 2021 کے لیے جاری کردہ اقتصادی اپ ڈیٹ کے مطابق جولائی سے لیکرفروری 2021 تک کی مدت میں سمندرپارکام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زرمیں مجموعی طورپر24.1 فیصداضافہ ہواہے، اس عرصہ میں پاکستانی کارکنوں نے 18.7 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 15.1 ارب ڈالررہاتھا، جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں برآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2.3 فیصدکی کمی ہوئی جبکہ اس کے برعکس درآمدات میں 8.6 فیصداضافہ ہوا۔

حسابات جاریہ کے کھاتوں کے توازن میں 0.9 ارب ڈالرکااضافہ ہوا، جی ڈی پی کی مناسبت سے حسابات جاریہ کے کھاتوں میں 0.5 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 29.9 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔


جاری مالی سال میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 1.300ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا، پورٹ فولیوسرمایہ کاری کا حجم منفی 132.2 ملین ڈالررہا۔

وزارت خزانہ کے مطابق 18 مارچ 2021 کوزرمبادلہ کے ذخائر کاحجم 20.313 ارب ڈالرکی سطح پرہے، 18 مارچ کوایکسچینج ریٹ 155.45روپے تھا، پاکستانی کرنسی کی قدرمیں اضافہ ہواہے۔

 

 
Load Next Story